ض*پنجاب پولیس : شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ خدمت خلق میں بھی پیش پیش

&پنجاب پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر معاشی مشکلات کا اظہار کرنے والے شہریوں کا سہارا بن گئی، ․گذشتہ 02 ہفتوں میں لاہور سمیت مختلف اضلاع سے موصولہ 15 کی کالز پر پولیس نے 120 متاثرہ فیملیز کو مدد فراہم کی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور

اتوار 3 ستمبر 2023 19:10

]لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 ستمبر2023ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ خدمت خلق میں بھی پیش پیش ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر معاشی مشکلات کا اظہار کرنے والے مستحق شہریوں کا سہارا بن گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر کے ہمراہ خدمت خلق کے لئے پولیس اقدامات بارے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مستحق اور غریب شہریوں کی مشکلات کا ہر ممکن ازالہ میں مصروف عمل ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 21 اگست سے لے کر 02 ستمبر تک لاہور سمیت مختلف اضلاع سے موصولہ 15 کی کالز پر پولیس نے متاثرہ فیملیز کو اپنے وسائل سے مدد فراہم کی ہے اور اس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس صاحب حیثیت مخیر افراد اور مشکلات میں گھرے عوام کو باہم طور پر منسلک کرے گی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 120 سے زائد خاندانوں کو پنجاب پولیس نے اپنے وسائل سے راشن فراہم کیا ہے، راولپنڈی میں 16، اوکاڑہ میں 12 ، لیہ میں 11 ، لاہور میں 10 ، ڈی جی خان میں 08 ، مظفر گڑھ اور گوجرانوالہ میں 12 فیملیز میں پولیس نے اپنے وسائل سے اشیائے ضروریہ فراہم کیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے کہا کہ لیہ سے ایک شہری کی کال پر ڈی پی او خود اسکے گھر پہنچے، راشن فراہم کرکے مشکل کا ازالہ کیا خدمت خلق کے اس مثالی سفر کا دائرہ کار رفتہ رفتہ دیگر اضلاع تک پھیل چکا ہے، بیگم کوٹ لاہور میں متاثرہ خاندان کو چوکی انچارج نے ذاتی جیب سے راشن فراہم کیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے کہا کہ سول سوسائٹی سے درخواست ہے کہ غریب و مستحق شہریوں کی مدد کیلئے پولیس کے ساتھ رابطہ کریں ، پنجاب پولیس انسداد جرائم کے ساتھ ساتھ خدمت انسانیت کے اس کام میں بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالے گی۔