ایک پائی کی کرپشن ثابت ہونے پر سیاست چھوڑنے والی بات پر قائم ہوں،حمزہ شہباز

بجلی کے بل دینے کیلئے لوگ موٹر سائیکلیں بیچ رہے ہیں،تمام سیاسی جماعتوں،وکلا اور تاجروں کو 10 سالہ معاشی منصوبہ ترتیب دینا چاہیے،رہنما مسلم لیگ ن

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 6 ستمبر 2023 16:12

ایک پائی کی کرپشن ثابت ہونے پر سیاست چھوڑنے والی بات پر قائم ہوں،حمزہ ..
لاہور (اردو پوائنٹ،تازہ ترین اخبار ۔ 06 ستمبر 2023ء) حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ میں نے کہا تھا ایک پائی کی کرپشن کی ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا،بات پر قائم ہوں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب اور رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 9 مئی کو شہداء کی بے حرمتی کی گئی اور جناح ہاؤس پر دھاوا بولا گیا،9 مئی کو ملک کیخلاف بغاوت ہوئی اور ماسٹر مائنڈ کو یاد رکھنا چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ گزشتہ چار برس میں ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا،مہنگائی کا دفاع نہیں کیا جا سکتا،مہنگائی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ بجلی کے بل دینے کیلئے لوگ موٹر سائیکلیں بیچ رہے ہیں،لوگ بجلی کا بل دیتے ہیں تو والدین کی دوائی کے پیسے نہیں بچتے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو ٹریک پر لایا گیا،ہم نے 75 سال معیشت کو ترجیح نہیں دی اور ایک ہی موڑ کے گرد چکر کاٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کالا باغ ڈیم بن جاتا تو 10 لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوتی،ہم نے بہت سی ٹرینیں مس کر دیں۔ رہنما مسلم لیگ ن نے مشورہ دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں،وکلا اور تاجروں کو 10 سالہ معاشی منصوبہ ترتیب دینا چاہیے،آنے والا الیکشن ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔ حمزہ شہباز نے اپنے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں مفت بجلی منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 100 یونٹ مفت بجلی منصوبہ سیاست کی نذر ہو گیا،آج اگر منصوبہ قابل عمل ہوتا تو غریب کو ریلیف ملتا۔

انکا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں مسلم لیگ ن کی پوری قیادت کو گرفتار کیا گیا،کیا قانون کا تقاضا نہیں کہ اربوں لوٹنے والوں کیخلاف کارروائی ہو۔ حمزہ شہباز نے ایک بار پھر ماضی کی ایک بات دہراتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ ایک پائی کی کرپشن کی ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا،بات پر قائم ہوں۔کرپشن ایک ناسور ہے جس کیخلاف جہاد کرنا ہو گا۔