قوم کا یوم دفاع پاکستان کے موقع پر 1965 کی جنگ کے بہادر ہیروز کو خراج تحسین ، یہ دن مادر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ منایا گیا

بدھ 6 ستمبر 2023 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2023ء) قوم نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر 1965 کی جنگ کے بہادر ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس دن کو ہر حال میں مادر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ منایا۔ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے 'یوم دفاع' پر 1965 کی جنگ کے ہیروز کو یاد کیا اور اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا کہ بہادر پاکستانی قوم اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم دفاع پاکستان کے خصوصی موقع پر قوم نے مسلح افواج کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور شہداء کے تمام لواحقین کو سلام پیش کیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی یوم دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنگ ستمبر ہماری تاریخ میں غیر متزلزل قومی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی و قربانی کی علامت کے طور پر ایک یادگار حیثیت رکھتی ہے، اس دن مادر وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا، آج ہم ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دفاع وطن کا فریضہ ادا کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

(جاری ہے)

ہم شہداء کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دے کر ایک مثال قائم کی۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفاع کے موقع پر پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ملی عزم، ہمت، بہادری اور شجاعت کے دن کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، یہ دن ہماری تاریخ میں قومی عظمت، سالمیت اور خودمختاری کی علامت ہے، آج سے 58 سال پہلے اس دن ہماری بہادر فوج کے جوانوں نے یہ ثابت کیا کہ وہ ملک کی سرحدوں کی ہر قیمت پر حفاظت کیلئے ہر دم چوکس اور تیار ہیں، اس شاندار دن پوری پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کیلئے اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی، یہ دن اپنے ملک سے وفاداری اور قومی خدمت کے عہد کی تجدید کا دن ہونے کے ساتھ ساتھ وطن کے ان بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن بھی ہے جنہوں نے ملکی سلامتی کی حفاظت کیلئے جام شہادت نوش کیا۔

اس دن پوری قوم نے ایمان اتحاد اور تنظیم کا ایسا مثالی عملی نمونہ پیش کیا جس نے پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج میں وطن کے دفاع کے جذبے کو مزید اجاگر کیا۔ ملک کا دفاع صرف 6 ستمبر تک ہی محدود نہیں بلکہ رہتی دنیا تک ہمیں اپنے وطن کی نظریاتی اساس اور سرحدوں کی حفاظت کا عزم کرنا ہے۔ اس ملک کے وہ بہادر جوان جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے جام شہادت نوش کیا اور دشمن کو اپنی پاک سرزمین پر ایک انچ بھی پیش قدمی نہ کرنے دی کے ساتھ ساتھ پوری پاکستانی قوم اس دن ملک کا دفاع کرنے کیلئے خراج تحسین کی مستحق ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان کی جانب سے 58ویں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء اور ان کے لواحقین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ عسکری قیادت نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو حق و باطل کے معرکے نے یہ ثابت کیا کہ غیور قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کر نے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس روز مادر وطن کے ہزاروں بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے پاک سرزمین کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

آج پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ہم بطور قوم ان تمام شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے پاکستان کے پرچم کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے اندرونی و بیرونی خطرات کیخلاف دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان کونقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ نگراں وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر کہا کہ ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور عظیم قربانی دینے اور دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر ان کے تہہ دل سے مقروض ہیں۔

یوم دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر دفاع نے 6 ستمبر کو قومی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن نے پوری قوم کو مادر وطن کے دفاع کے لیے ہماری مسلح افواج کی جانب سے دی گئی بے مثال شجاعت اور بے مثال قربانیوں کی یاد دلا دی۔ یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے اندرون اور بیرون ملک تقاریب میں پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل لگن اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ان تقاریب کے شرکاء نے قوم کے بہادر بیٹوں کے تاریخی کارناموں کو اجاگر کیا جنہوں نے دشمن کا جرات و بہادری سے مقابلہ کیا اور تاریخ کا ایک روشن باب رقم کیا۔