وفاقی پولیس نے غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری پر عمل درآمد کا منصوبہ وزارت داخلہ کو بھجوا دیا

جمعہ 22 ستمبر 2023 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے احکامات پر پاکستانی قوانین کے مطابق غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری پر عمل درآمد کا منصوبہ وزارت داخلہ کو بھجوا دیا،منصوبہ میں پہلی مرتبہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور دیگر متعلقین کے کردار کو واضح کیا گیا،غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ان کے سفارتخانوں کے تعاون سے ان کو واپس پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے احکامات پر پاکستانی قوانین کے مطابق غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری پر عمل درآمد کا منصوبہ (Deportation Implementation Plan)وزارت داخلہ کو بھجوادیا،یہ تفصیلی ضابطہ کار اسلام آباد کی حدود سے امیگریشن کے مراکز تک کے تمام عمل کو واضح کرتا ہے،اس ضمن میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور دیگر متعلقین کے کردار کو واضح کیا گیاہے،غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ان کے سفارتخانوں کے تعاون سے واپس بھجوایا جائے گا،ضابطہ کار کے پہلے حصے میں پولیس کے کردار کے مطابق عمل جاری ہے،جس کے تحت 21 مختلف آپریشنز کے بعد 39 مقدمات کا اندراج کیا گیا،جبکہ 298 غیرقانونی مقیم غیر ملکی افراد عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کررہے ہیں،گزشتہ روز بھی 17 افغان نژاد افراد کو مقدمات کے تحت عدالتوںکے سامنے پیش کیا گیا،اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے کے لئے پاکستان کے قوانین پر عمل کرنا لازم ہے،غیرقانونی طورپر مقیم غیر ملکی شہریوں کو ملازمت، پناہ اور غیر قانونی مدد فراہم کرنا قابل دست اندازی پولیس جرم ہے ،اگر آپ کے گردونواح میں کوئی غیرقانونی غیرملکی رہائش پذیر ہے تو پولیس کو -"پکار "15- پر اطلاع دیں۔