آئی ایم ایف نے ڈالر کی اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا

قانونی طورپر انتظامی معاملات پاکستان کا اختیار ہے، آئی ایم ایف نے کبھی دخل اندازی کی کوشش نہیں کی، آئی ایم ایف معیشت کی بہتری اور جو پیسا دیا ہے اس کا یقینا تحفظ چاہتا ہے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا انٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 ستمبر 2023 19:45

آئی ایم ایف نے ڈالر کی اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن پر خوشگوار حیرت کا اظہار ..
نیویارک (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر 2023ء) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے ڈالر کی غیرقانونی کرنسی کی تجارت کیخلاف کریک ڈاؤن پرخوشگوار حیرت کا اظہار کیا ہے، قانونی طور پر انتظامی معاملات پاکستان کا اختیار ہے، آئی ایم ایف نے کبھی دخل اندازی کی کوشش نہیں کی ، آئی ایم ایف معیشت کی بہتری اور جو پیسا دیا ہے اس کا یقینا تحفظ چاہتا ہے۔

انہوں نے پی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈالر کی قدر میں کمی کا تذکرہ ہوا، ایم ڈی آئی ایم ایف کو خوشگوار حیرت ہوئی، کہ ڈالر کی غیرقانونی کرنسی کی تجارت پر پہلی بار کسی حکومت نے کریک ڈاؤن کیا ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مصنوعی عدم استحکام ختم ہوا، انتظامی معاملات قانونی طور پر پاکستان کا اختیار ہے، اس میں آئی ایم ایف نے کبھی بھی دخل اندازی کرنے کی کوشش نہیں کی ،انہوں نے جو پیسا ہمیں دیا ہے اس کا تحفظ وہ یقینا وہ چاہتے ہیں، ٹیکس نیٹ ورک کو بڑھانا ہے، وصولیاں بہتر کرنی ہے، حکومتی اخراجات کو کم کرنا، حکومتی سائز کو کم کرنا ہے، توانائی سیکٹر میں اصلاحات کرنی ہیں، نجکاری ہماری ایجنڈے پر ہے، اس پرآئی ایم ایف نے اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم بات توانائی شعبے میں اصلاحات کی جارہی ہیں، آنے والے دنوں میں بجلی کے بل نسبتاً کم ہوں گے،یہ ماڈل نہیں چل سکتا کہ حکومت مہنگی بجلی بنائے، پھر وہ چوری ہوجائے، جس کے نتیجے میں سود بڑھتا ہے، آئی پی پیز بجلی بنائے یا نہ بنائے ہم نے ادائیگی کرنی ہے، ایسے معاشی صورتحال میں ہم استحکام کی جانب نہیں بڑھ سکتے، اگر کوئی کہتا ان حالات میں معیشت کو ٹھیک کردے گا تو وہ جھوٹ بولے گا۔سیلاب متاثرین کیلئے جو 10بلین کی رقم ، عطیات دینے کا وعدہ کیا گیا تھا دنیا کو چاہیے کہ وہ پاکستان کو فراہم کی جائے تاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی پر خرچ کی جاسکے۔