آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت پولیس تحفظ مرکز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

تحفظ مرکز سرگودھا نے ساڑھے 06 ماہ کے دوران 1846 شہریوں، خواتین، ٹرانسجینڈرز اور بچوں کو مدد اور تحفظ فراہم کیا ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی137افراد، 898 خواتین، سماعت سے محروم 456 افراد اور 348 بچوں کی مشکلات کا ازالہ کیا گیا عثمان انور نے بہترین کارکردگی پر فوکل پرسن، انچارج تحفظ مرکز، وکٹم سپورٹ افسر اور دیگر ٹیم کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا

جمعہ 22 ستمبر 2023 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ تحفظ مراکز سماجی مشکلات کے شکار شہریوں کی مدد اور تحفظ کی فراہمی کیلئے برینڈ پراجیکٹ ہیں جس کے پلیٹ فارم سے ٹرانسجینڈرز، خواتین ، بچوں ، ذہنی معذوری کے شکار افراد کو ہر ممکن مدد و معاونت فراہم کی جارہی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تحفظ سنٹرز سوشل ویلفیئر کے کاموں میں مصروف نجی و سرکاری اداروں کے ساتھ کوارڈ ی نیشن بڑھائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔

ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے آج سنٹرل پولیس آفس میںپولیس تحفظ مرکز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔ دوران اجلاس لاہور سمیت دیگر اضلاع کے تحفظ مرکز انچارجز نے اپنی کارکردگی بارے بریفنگز پیش کیں۔

(جاری ہے)

انچارج تحفظ مرکز سرگودھا نے بتایا کہ تحفظ مرکز سرگودھا نے ساڑھے 06 ماہ کے دوران 1846 شہریوں، خواتین، ٹرانسجینڈرز اور بچوں کو مدد اور تحفظ فراہم کیا، ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی137افراد، 898 خواتین، سماعت سے محروم 456 افراد اور 348 بچوں کی مشکلات کا ازالہ کیا گیا ،پولیس تحفظ مرکز نے 380 مستحق فیملیز کو آٹا، 55 فیملیز کو راشن، 557 افراد کو بینظیر انکم سپورٹ ہیلپ فراہم کی اسی طرح نشے کے عادی 08 افراد کا علاج کروایا، 08 بچوں سمیت 12 بے گھر افراد کو مدد فراہم کی، ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے 15 افراد کو ڈرائیونگ لائسنس فراہم کئے، 05 افراد کی جاب اور کاروبار کا انتظام کیا، شہر اور اسکے گردونواح میں 04 میڈیکل کیمپ میں ہزاروں شہریوں کو بیماریوں کی سکریننگ و علاج میں معاونت فراہم کی۔

تحفظ مرکز سرگودھا نے تھلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو 700 سے زائد خون کی بوتلیں عطیات کیں، بلڈ کیمپس کا انعقاد باقاعدگی سے جاری رہے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تحفظ مرکز سرگودھا کی شاندار کارکردگی کو سراہا، مستفید ہونے والے شہریوں و بچوں سے ملاقات بھی کی۔آئی جی پنجاب نے انسانی خدمت کے کاموں میں معاونت فراہم کرنے پر نجی سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔ آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی پر فوکل پرسن، انچارج تحفظ مرکز، وکٹم سپورٹ افسر اور دیگر ٹیم کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر، اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل سمیت دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔