جہانگیر ترین کا پاکپتن کے ایک ہزار سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے لئے امدادی پیکج اور راشن دینے کا اعلان

ہفتہ 23 ستمبر 2023 22:43

جہانگیر ترین کا پاکپتن کے ایک ہزار سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے لئے امدادی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2023ء) پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے پاکپتن کے ایک ہزار سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے لئے امدادی پیکج اور راشن دینے کا اعلان کر دیا ۔ ترجمان آئی پی پی نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ جہانگیر ترین نے ضلع پاکپتن میں سیلاب متاثرین سے ملاقات اور خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت میرا شوق ہے اور عوامی خدمت میں اپنا فرض سمجھتا ہوں۔

اللہ نے ہمیں بہت نوازا ہے، ہمارا فرض ہے کہ مستحق لوگوں کی خدمت کریں اور دکھی لوگوں کے حالات ٹھیک کریں۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ پرانی پارٹی میں کچھ ایسے لوگ آ گئے تھے کہ ہم عوام کی خدمت نہیں کر سکے۔ اب دوسری بار ہمیں عوامی خدمت کا موقع ملا ہے، ان شا اللہ اس موقع کو ضائع نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

جب عوام کے حالات ٹھیک ہوں گے تو ملک مضبوط ہو گا۔ ایسا ملک بنائیں گے جہاں ہم باہر کے ممالک سے امداد نہیں لیں گے بلکہ انہیں امداد دینے کے قابل ہوں گے۔

اس موقع پر سابق ایم پی اے پاکپتن، سجادہ نشین دربار بابا فرید الدین گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ دیوان عظمت سید محمد چشتی، فرخ مانیکا اور محمد شاہ کھگہ نے پاکپتن کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر جہانگیر ترین کا شکریہ ادا کیا جبکہ آئی پی پی رہنما اسحاق خان خاکوانی اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں جہانگیر ترین نے دربار بابا فرید الدین گنج شکر رحمتہ اللہ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا کی۔