مدرسے کے استاد کے مبینہ تشدد سے زخمی ہونے والا لڑکا اسپتال میں دم توڑ گیا

اتوار 24 ستمبر 2023 21:40

مدرسے کے استاد کے مبینہ تشدد سے زخمی ہونے والا لڑکا اسپتال میں دم توڑ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2023ء) لاہور کے علاقے نیشنل بنک کالونی میں قائم مدرسے کے استاد کے مبینہ تشدد سے زخمی ہونے والا لڑکا اسپتال میں دم توڑ گیا، پولیس نے مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کر لیں، پولیس نے ملزم کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو تھانہ ملت پارک کے ایس آئی پرویز خالد نے اے پی پی کو بتایا کہ 13سالہ انس 4 دن تک اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا، پولیس نے مقتول انس کے دادا صابر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم قاری شعیب کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے، ایف آئی آر کے مطابق 13سالہ انس نیشنل بنک کالونی میں قائم مدرسے میں دینی تعلیم حاصل کرتا تھا، 19 ستمبر کو لاہور میں شدید بارش کی وجہ سے انس نے مدرسے سے چھٹی کر لی، 20 ستمبر کو جب وہ مدرسے گیا تو قاری شعیب نے مبینہ طور پر اسے ڈنڈوں کے ساتھ شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، قاری شعیب نے مبینہ طور پر اسی حالت میں انس کو کمرے میں بند کر دیا، بعد میں اپنے ساتھی قاری عبدالودود کے کہنے پر زخمی لڑکے کو 2 نامعلوم افراد کے ساتھ گنگا رام اسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل کر دیا، جہاں لڑکا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔