وفاقی دارلحکومت میں ٹریفک قوانین خلاف ورزی پر جرمانے میں اضافہ

کم سے کم جرمانہ 500روپے مقر،وزارت داخلہ کا نئے عائد جرمانوں سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری

منگل 26 ستمبر 2023 23:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیاگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلا م آباد کیپٹل پولیس نے وفاقی دارلحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے عائد کئے جانے والے جرمانوں میں اضافہ کر دیا گیاہے،اس سلسلہ میں وفاقی وزارت داخلہ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جرمانوں میں اضافے کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے،ٹریفک قوانین کی پابندی شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھتی ہیں،نئے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا کم سے کم جرمانہ 500 روپے ہوگا، حد رفتار کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل سوار کو1000 روپے،موٹر کارکو1500،پی ایس وی وہیکل کو2000 اور ایچ ٹی وی وہیکل پر2500 روپے جرمانہ کیا جائے گا، سگنل کی خلاف ورزی پر 2000 روپے ،اورلوڈنگ پرموٹر سائیکل و کار کو 1000روپے جبکہ ایچ ٹی وی اور پی ایس وی وہیکل کو 2000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا،اسی طرح غلط اوورٹیکنگ پرکار و موٹر سائیکل کو 1000 روپے جبکہ ایچ ٹی وی اور پی ایس وی وہیکل کو 2000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا ،یک طرفہ راستہ کی خلاف ورزی پر1000 روپے،کالے شیشوں کے استعمال پر1500روپے،خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کرنے پر2000روپے،کم عمر ڈرائیورز کو 2500روپے،بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل سوار کو 1000روپے،موٹر کار ڈرائیور کو 2000روپے ،ایچ ٹی وی اور پی ایس وی وہیکل کو8000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا،غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل اورگاڑی چلانے پر 1000روپے جبکہ ایچ ٹی وی یا پی ایس وی وہیکل کو 2000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا،غیر قانونی پارکنگ پر1000روپے،ون ویلنگ پر 5000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا،اسلام آباد کیپٹل پولیس شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے نقصانات اور دیگر ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کر رہی ہے،ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے ہی عوام الناس کی جان ومال کی حفاظت ممکن ہے ، اسلام آباد کیپٹل پولیس ایف ایم ریڈیو 92.4پر بھی ٹریفک قوانین کے متعلق خصوصی نشریات کا اہتمام کیا جارہا ہے، شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور مہذب شہریوں کا ثبوت دیں۔