آئی جی پنجاب کی چین میں سرکاری مصروفیات جاری، چینی ٹور آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کے ساتھ اہم ملاقات

چینی ٹور آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سکیورٹی صورتحال پر اظہار اطمینان، حفاظتی انتظامات کو قابل ستائش قرار چینی ٹور آپریٹرز اور انویسٹرز نے پاکستان میں سیاحت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مکمل آمادگی ظاہر کی‘ڈاکٹر عثمان انور چینی ٹور آپریٹرز اور سرمایہ کار دو طرفہ تعاون کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے‘آئی جی پنجاب

منگل 26 ستمبر 2023 19:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت سینئرپولیس افسران کے وفد کی چین میں سرکاری مصروفیات ، میٹنگز اور ملاقاتیں جاری ہیں جن کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے چینی سیاحتی ٹور آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کے ساتھ اہم ملاقات کی اور چینی ٹور آپریٹرز اور انویسٹرز کو صوبہ پنجاب میں غیر ملکی شہریوں کے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول اور خوبصورت سیاحتی مقامات سے مالا مال محفوظ ملک ہے، بین الاقوامی سرمایہ کاری اور پراجیکٹس کیلئے پاکستان میں سکیورٹی صورتحال مکمل طور پر اطمینان بخش ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ چینی ماہرین پنجاب کے مختلف پراجیکٹس میں اپنی خدمات مکمل پر امن ماحول میں سر انجام دے رہے ہیں جبکہ چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں نئے پراجیکٹس شروع کرنے میں مکمل پر امن ماحول فراہم کیا جا رہا ہے،ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دورہ چین کے دوران چینی انویسٹرز اور سیاحتی ٹور آپریٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

چینی ٹور آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سکیورٹی صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے حفاظتی انتظامات کو قابل ستائش قراردیا ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ چینی ٹور آپریٹرز اور انویسٹرز نے پاکستان میں سیاحت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مکمل آمادگی ظاہر کی ہے ، چینی ٹور آپریٹرز اور سرمایہ کار دو طرفہ تعاون کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور پاکستان میں مقامی ٹور آپریٹرز، محکمہ سیاحت، پنجاب پولیس سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ آپریشنل معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔

آئی جی پنجاب نے کہاکہ چینی وفد پاکستان میں سکیورٹی صورتحال و انتظامات، محکمہ سیاحت کے پیش کردہ سہولیات کا جائزہ لے گا، چینی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں مختلف منصوبے شروع کرنے میں اظہار دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے نئے پراجیکٹس کی راہ ہموار ہو گئی۔آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ چینی وفد سیاحتی مقامات کے دورے کے موقع پر ٹورازم ڈویلپمنٹ کے لئے پنجاب پولیس کے ساتھ ایم او یو سائن کرے گا جس کے تحت مزید اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ ملاقات میں چین کے شہر وگسی کے پولیس چیف اور سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔