آئی جی پنجاب نے پولیس کے انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ریجنل سالانہ مقابلوں کے انعقاد کیلئے ہدایات جاری کردیں

اکتوبر نومبرمیں انٹر ڈسٹرکٹ، دسمبر میںانٹر ریجنل و یونٹس جبکہ فروری مارچ میں انٹر ڈیپارٹمنٹ و بین الصوبائی مقابلے ہونگے کرکٹ ، باکسنگ، کبڈی اور ہاکی سمیت 29 سپورٹس کے مقابلوں کے بعد ہر کھیل کی پولیس ٹیم بنائی جائے گی، چیف سپورٹس آفیسر بہترین ٹیلنٹ اور کارکردگی کے حامل پولیس اتھلیٹس سپورٹس میں پاکستان کی قومی ٹیموں میں اپنی جگہ بنائیں گے‘اطہر اسماعیل

منگل 26 ستمبر 2023 19:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) صدر پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ/انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے پولیس کے انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ریجنل سالانہ مقابلوں کے انعقاد کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے پاکستان پولیس کے سالانہ سپورٹس ٹورنامنٹس کا شیڈول جاری کردیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ٹریننگ کیمپس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔

چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی لاجسٹکس اطہر اسماعیل نے ضلعی، صوبائی و قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں کی تفصیل بتا تے ہوئے کہاکہ لاہور سمیت تمام اضلاع اور یونٹس میں کرکٹ و دیگر کھیلوں کے کیمپ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں حصہ لیتے ہوئے چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی لاجسٹکس اطہر اسماعیل نے کہاکہ ضلع، ریجن، یونٹ اور بین الصوبائی سطح پر ہونے والے مقابلوں کی بنیاد پر پولیس کی نیشنل کرکٹ ٹیم بنائی جائی گی،پولیس کرکٹ ٹیم قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں حصہ لے گی، چیف سپورٹس آفیسر نے مزیدکہا کہ کرکٹ کے ساتھ دیگر 29 سپورٹس کے مقابلوں کے شیڈول کا اعلان بھی کردیا گیا ہے ان کھیلوں میں آرچری،بیس بال، اتھلیٹکس، باکسنگ، کبڈی،باڈی بلڈنگ، ویٹ لفٹنگ، ہاکی سمیت دیگر کھیل شامل ہیں جن کے ٹریننگ کیمپس صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

چیف سپورٹس آفیسر اطہر اسماعیل نے کہاکہ یکم اکتوبر سے 31 اکتوبر تک انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ مکمل کرکے تمام اضلاع کے فوکل پرسن رزلٹس چیف سپورٹس آفیسر، سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں گے،ڈسٹرکٹ لیول کے بہترین کھلاڑی یکم دسمبر سے 31 دسمبر تک انٹر رینج ٹورنامنٹس میں مدمقابل ہونگے جن سے مزید بہتر کارکردگی کے کھلاڑی سامنے آئیں گے ۔ فروری مارچ میں انٹر ڈیپارٹمنٹ و بین الصوبائی ٹورنامنٹس کے ذریعے بہتر سے بہتر کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے ہر کھیل میں پولیس ٹیم بنائی جائے گی جن میں سے منتخب کھلاڑی نیشنل سطح پر بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ہر کھیل میں پاکستان کی قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنائیں گے، چیف سپورٹس آفیسر نے مزید کہاکہ پاکستان پولیس کا سپورٹس کیلنڈر اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ چلتا ہے، تمام اضلاع میں ٹیلنٹ ہنٹ بھی جاری رہے گا۔