امریکا کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شُوفرکا دورہ پشاور،مقصد عسکریت پسندی کے خلاف پاکستان کےلئے ملکی حمایت کا اعادہ کرنا تھا

بدھ 27 ستمبر 2023 14:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2023ء) پاکستان میں امریکا کے ڈپٹی چیف آف مشن ( ڈی سی ایم) اینڈریو شُوفر نے پشاور کا دو روزہ دورہ کیا،اس کا مقصد سرحدوں کی حفاظت کے سلسلے میں امریکی عزم کی تجدید اور خیبر پختونخوا میں سرحد پار دراندازی کی روک تھام اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کےلئے امریکی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔

امریکی سفارتخانے کی طرف سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیاہے کہ اُن کے دورے کا مقصد سرحدوں کی حفاظت کے سلسلے میں امریکی عزم کی تجدید اور خیبر پختونخوا میں سرحد پار دراندازی کی روک تھام اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کےلئے امریکی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔ ڈی سی ایم شُوفر نے اپنے دورے کے دوران تاریخی قلعہ بالاحصار میں فرنٹیئر کور کے انسپکٹر جنرل سے ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے رات کی تاریکی میں آپریشن کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ایف سی کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر کا ایک منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

ڈی سی ایم شُوفر نے آئی جی پولیس اختر حیات سے بھی ملاقات کی اور ساڑھے تین لاکھ ڈالر مالیت کا حفاظتی اور سکیورٹی سامان اُن کے حوالے کیا،ان آلات سےدہشتگردی کے خلاف مہیب خطرات سے نمٹنے کےلئے بھرپور کاروائیوں کے دوران پولیس فورس کی حفاظت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ ڈی سی ایم شوفر نے خیبر پختونخوا میں نئےضم شدہ اضلاع میں زندگیوں اور روزگار میں بہتری لانے کےلئے یو ایس ایڈ کی معاونت سے جاری چار لاکھ ستر ہزار ڈالر مالیت کے پروگرام سے مستفید ہونے والے نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں اور خُصوصی افرادکے ساتھ ایک گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کی۔

مقامی آبادی کی ضروریات کے پیش نظر ڈی سی ایم شوفر نے وہاں سلائی مشینیں اور شمسی توانائی سے چلنے والے پنکھے تقسیم کیے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی تاجر برادری، انٹر پرینیوئرز ، اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندو ں اور کے پی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور پاکستان اور ریاستہائے متحدہ امریکا کے درمیان تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید تقویت دینےکے مواقع بارے بات چیت کی۔

علاوہ ازیں وہ مختصر وقت کےلئے نیشنل انکیوبیشن سنٹر میں بھی رُکے اور وہاں انٹرپرینوئرز کے منصوبوں اور تجارتی تصورات سے آگاہی حاصل کی۔ پاکستان کے تمام مذاہب کے پیروکاروں کی مذہبی آزادی کی حمایت اور باہمی برداشت اور احترام کے لیے امریکی عزم کی توثیق کےلئے وہ تاریخی عبادتگاہ سینٹ جونز کیتھڈرل بھی گئے اور وہاں بشپ ہمفرےسرفراز پیٹرز کے ساتھ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ان کے درمیان مکالمے کے حوالے سے بات چیت کی۔