محکمہ برقیات نے صارفین کو چونا لگانے کا نیا طریقہ ایجاد کر لیا

ماہ اگست کی میٹر ریڈنگ کیے بغیر صرف شدہ یونٹس کے نصف سے بھی کم ظاہر کر کے صارفین کو کم مالیت کے بل تھما دیئے گئے

بدھ 27 ستمبر 2023 17:07

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) محکمہ برقیا ت نے صارفین کو چونا لگانے کا نیا طریقہ ایجاد کر لیا ، ماہ اگست کی میٹر ریڈنگ کیے بغیر صرف شدہ یونٹس کے نصف سے بھی کم ظاہر کر کے صارفین کو کم مالیت کے بل تھما دیئے گئے ، وزیراعظم آزاد کشمیر کے احکامات اور اعلانات بھی کھوہ کھاتے ، بلات میں حسب سابق ٹیکسز کی بھرمار ، انراخ بھی من مانے لگائے گئے ہیں ، حکومت کی جانب سے یقین دہانیوں کے باوجود نہ تو ٹیرف مقرر ہو سکا اور نہ ہی بلات سے ٹیکسز کا خاتمہ ہو سکا ، بلات میں جنرل سیلز ٹیکس ، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ، اور کیو ٹی آر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ جیسے ٹیکسز معمول کے مطابق شامل کیے گئے ہیں ، ایکشن کمیٹی کے پاس جمع ہونے والے بیشتر بجلی بلات بیشتر بلات میں فی یونٹ ریٹ 7 روپے 74 پیسے لگایا گیا ہے جبکہ درجنوں بلات میں فی یونٹ ریٹس بھی من مرضی کے لگائے گئے ہیں ، محکمہ برقیات کی مکار بیورو کریسی نے دھوکہ دہی سے ماہ اگست کی میٹر ریڈنگ کیے بغیر صارفین کی جانب سے صرف کی گئی بجلی یونٹس کا ایک چوتھائی ظاہر کر کے کم مالیت کے بجلی بل مرتب کیے گئے ہیں تاکہ صارفین ٹیرف کم سمجھ کر جمع کروا دیں اور اگلے ماہ بقایا یونٹس ڈال کر بھاری بلات تھمائے جائیں گے ، صارفین سر پکڑ کر بیٹھ گئے ، بجلی بلات جمع کروانے سے صاف انکار ، محکمہ برقیات کا قبلہ درست کرنے ، بجلی کا ٹیرف مقرر کرنے اور بلاجواز ٹیکسز کے خاتمے تک بلات جمع نہ کروانے کا فیصلہ ، محکمہ برقیات کی دھوکہ دہی اور مکارانہ پالیسیوں کے باعث بلات ایکشن کمیٹیوں کے پاس جمع کروانے کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کے دوران گھریلو صارفین کا کہنا تھا کہ ان کی میٹر ریڈنگ کے مطابق ماہ اگست میں 100 سے زائد یونٹس صرف ہوئی ہیں جبکہ بلات میں صرف 30 سے 50 یونٹس صرف ہونا ظاہر کی گئی ہیں اور تصرف کم ظاہر کر کے بجلی کے بلات کی رقم کم دکھائی گئی ہے اور ٹیکسز بھی حسب سابق شامل کیے گئے ہیں ، ماہ اگست کی بقیہ یونٹس آئندہ بجلی بل میں شامل کر کے وصول کی جائیں گی اس طرح صارفین پر اگلے مہینوں میں ناقابل برداشت بوجھ ڈالا جائے گا ، صارفین نے محکمہ برقیات عملے کی ان پھرتیوں اور دھوکہ دہی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر اور چیف سیکرٹری سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی بلات مرتب کرنے کے عمل کی براہ راست مانیٹرنگ کر کے برقیات اہلکاروں کی اس چالاکی اور دھوکہ دہی پر انہیں سزا و جزا کے عمل سے گزاریں اور جن صارفین کا تصرف زیادہ ہونے کے باوجود کم ظاہر کیا گیا ہے وہ محکمہ برقیات کی بیورو کریسی اور میٹر ریڈرز کی تنخواہوں سے کٹوتی کی جائے ، شدید مہنگائی کے باعث صارفین کسی صورت بلات کا بھاری بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں ، صارفین نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بجلی بلات سے بے جا ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر بجلی بلات کسی صورت ادا نہیں کیے جائیں گے ۔