سپریم کورٹ میں قومی اداروں کے خلاف الزامات عائد کرنے کے حوالہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمہ کے اخراج کو چیلنج کر دیا گیا

بدھ 27 ستمبر 2023 21:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2023ء) سپریم کورٹ میں قومی اداروں کے خلاف الزامات عائد کرنے کے حوالہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمہ کے اخراج کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ درخواست گزار عبدالخلیل کاکڑ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اداروں کے خلاف توہین آمیز اور نفرت انگیز تقاریر کے معاملہ پر بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے حقائق اور قانون کے برعکس فیصلہ دیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی تحقیقات میں شامل ہی نہیں ہوئے اور ان کو تحقیقات میں شامل کئے بغیر ہی پولیس نے مقدمہ کا چالان جمع کرا دیا۔ دائر درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں اداروں اور ملک کے خلاف تقریریں کیں اور بلوچستان ہائی کورٹ نے 28 اگست 2023ء کو ایف آئی آر اور وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے تھے۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ سے بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلہ کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا اور بلوچستان ہائی کورٹ نے مقدمہ کو خارج کر دیا تھا جس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔