پیمرا نے فیض آباد دھرنا کیس فیصلہ کے خلاف دائر نظر ثانی درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست دائر کر دی

بدھ 27 ستمبر 2023 23:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2023ء) پیمرا نے فیض آباد دھرنا کیس فیصلہ کے خلاف دائر نظر ثانی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالہ سے سپریم کورٹ میں پاکستان الیکٹرانکس میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے نظر ثانی کی درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست دائر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیمرا نظر ثانی درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتا۔

دائر کی گئی متفرق درخواست کے مطابق فیض آباد دھرنا فیصلہ کے خلاف نظر ثانی کا کیس زیر التواء ہے اور سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواستوں پر سماعت 28 ستمبر 2023ء کیلئے مقرر کی گئی ہے۔ پیمرا کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ متفرق درخواست کو منظور کیا جائے اور فیض آباد دھرنا کیس فیصلہ کے خلاف نظر ثانی واپس لینے کی اجازت دی جائے۔