عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا ہو گیا

تیل کی قیمتیں 2 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں

muhammad ali محمد علی بدھ 27 ستمبر 2023 20:47

عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا ہو گیا
نیویارک (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر 2023ء) عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا ہو گیا، تیل کی قیمتیں 2 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سینچری مکمل کرنے کی راہ پر گامزن خام تیل اب سستا ہو گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر متوقع کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تازہ ترین رجحان کے باعث خام تیل کی قیمتیں 2 ہفتوں کی کم ترین سطح پر دیکھی جا رہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل کے دسمبر کیلیے سودے 1.72 فیصد کمی کے ساتھ 91.8 ڈالر فی بیرل میں طے کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح امریکی خام تیل کے نومبر کے لیے سودے 0.85 فیصد کمی کے ساتھ 88.58 ڈالر فی بیرل میں طے کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خام تیل کی یہ قیمتیں 13 ستمبر کے بعد کم ترین سطح پر ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کچھ زیادہ کمی ہونے کا امکان نہیں ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیدوار میں کمی کے دورانیہ میں اضافے کے فیصلے کے اثرات مارکیٹ میں اب بھی نظر آ رہے ہیں۔ ماہرین کی جانب سے کچھ ہفتے قبل تیل کی قیمتیں 100 ڈالرز فی بیرل ہوجانے کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔ ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں کی سینچری مکمل ہونے کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان پاکستان جیسے ممالک کیلئے بھیانک ثابت ہو رہا ہے۔

پاکستان میں ایک جانب مقامی کرنسی کی قدر میں کمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹے ہیں، تو دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے نے بھی پاکستانی معیشت کو بری طرح ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس وقت پاکستان اپنی تاریخ کی بدترین مہنگائی کا سامنا کر رہا ہے، جہاں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 330 روپے فی لیٹر کی سطح پر ہیں۔ پاکستان میں صرف ڈیڑھ سال کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا۔