امریکا کی سعودی سرحد پرحوثی باغیوں کے بحرینی فوجیوں پرحملے کی مذمت

حملے میں یمن میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے فائربندی کے طویل دور کو خطرہ لاحق ہوگیا ،بیان

جمعرات 28 ستمبر 2023 13:17

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2023ء) امریکا نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں یمن سے حوثی باغیوں کے بحرینی فوجیوں پرحملے کی مذمت کردی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی جنوبی سرحد کے قریب حوثیوں کے ڈرون حملے میں بحرین کے تین فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا کہ اس سے یمن میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے فائربندی کے طویل دور کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

پینٹاگون کے پریس سکریٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائیڈر نے کہا کہ امریکا 25 ستمبر کو ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس طرح کے ناقابل قبول حملوں سے یمن میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے امن کے طویل دور کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

پینٹاگون نے بحرین کے عوام اور حکومت، بحرین کی دفاعی افواج میں اپنے شراکت داروں سے بھی فوجیوں کی ہلاکت پرتعزیت کا اظہار کیا ہے۔

یمن اور سعودی عرب کے درمیان سرحد پر سوموار کو حوثی ملیشیا کے ایک ڈرون حملے میں دو بحرینی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔بحرینی فوج نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے فوجی یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرپیکارعرب اتحاد کا حصہ تھے۔حملے میں زخمی ہونے والا تیسرا فوجی بدھ کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔