ایس پی ایل انتظامیہ کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات

لندن اور ہیوسٹن روڈ شوز کے بارے میں بریفنگ دی ، گورنر سندھ کی مکمل تعاون کی یقین دہانی

جمعرات 28 ستمبر 2023 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2023ء) سندھ پریمئر لیگ میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آگئی ،گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سندھ پریمئر لیگ کے لندن اور ہیوسٹن روڈ شوز کی قیادت کریں گے جبکہ چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایس پی ایل کے ایونٹس میں شرکت کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ پریمئر لیگ کے انعقاد کی تاریخوں کے اعلان کے بعد لیگ کی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے ،نئی پیش رفت میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری بھی ایس پی ایل کے کارواں میں شامل ہو گئے ہیں جو سندھ کے کرکٹرز کے ساتھ ساتھ شائقین کے لئے بھی بہت بڑی خبر ہے ۔

سندھ پریمئر لیگ کی کے چیئر مین اسلم ملک ،صدر ایس پی ایل عارف ملک ،ڈائرکٹر آپریشنز ایس پی ایل نوید احمد خان اور ایس پی ایل مینٹور سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے گزشتہ روز گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کی جس میں انہیں سندھ پریمئر لیگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایس پی ایل کے انعقاد کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ کے کھلاڑیوں کا احساس محرومی دور کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم قرار دیا ۔

صدر ایس پی ایل عارف ملک نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ایس پی ایل کا ایک مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں کھیل کے ذریعے اپنے وطن سے نا صرف روابط مسلسل قائم رکھنا بلکہ کرکٹ کو فروغ دینا بھی ہے۔ اس ضمن میں لندن اور ہیوسٹن میں روڈ شو زکے پروگرام پلان کئے گئے ہیں جن کے انعقاد سے ان شہروں میں مقیم محب وطن پاکستانی ایس پی ایل سے تعلق مضبوط بناسکیں گے ۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نا صرف لندن اور ہیوسٹن میں پلان کئے گئے ایس پی ایل کے روڈ شو کی قیادت کرنے میں دل چسپی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکمل اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا بلکہ ایس پی ایل کی تمام فرنچائزز مالکان ،برانڈ ایبمسیڈرزاور معروف کھلاڑیوں کو گورنر ہائوس مدعو بھی کیا ۔انہیں بتایا گیا کہ سندھ میں بھی کرکٹ کا جنون کی حد تک شوق پایا جاتا ہے ایس پی ایل کے پہلے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کی کوششوں میں چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی خصوصی دل چسپی لے رہے ہیں اورایس پی ایل کے ایونٹس میں ان کی شرکت ایس پی ایل انتظامیہ کے حوصلوں کو مزید بلند کرے گی ۔

اس سلسلے میں سندھ حکومت اور ایس پی ایل انتظامیہ کی مشترکہ کاوشیں رنگ لا رہی ہیں اور سندھ کے شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ نا صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک مقیم شائقین کرکٹ بھی ایس پی ایل کے پہلے ایڈیشن کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں ۔