پاکستان اور چین کے مابین دوستی و محبت سیاست سے بالاتر ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

جمعرات 28 ستمبر 2023 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2023ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی و محبت سیاست سے بالاتر ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے حالات سازگار ہیں چین کے سرمایہ کار و تاجر اس سے مستفید ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں عوامی جمہوریہ چین کے 74ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ استقبالیہ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتےہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے جیانگ زیڈونگ کو پاکستان میں بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔تقریب میں پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے چینی سفیر مسٹر جیانگ زیڈونگ، اراکین پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اس اہم سنگ میل پر عزت مآب صدر شی جن پنگ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) اور چین کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان اور چین کے مابین برادرانہ تعلقات قابل فخر ہیں، پاکستان اور چین کے مابین دوستی و محبت سیاست سے بالاتر ہے، پاکستان پہلی مسلم قوم تھی جس نے چین کو تسلیم کیا جس پر پاکستان کو فخر ہے۔

(جاری ہے)

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کئی دہائیوں سے چین اور پاکستان نے مشترکہ طور پربین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر قریبی روابط اور غیر مشروط حمایت کو برقرار رکھا ہے، ہمارے سفارتی تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں لیکن ہماری دوستی صدیوں پر محیط تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑی ہوئی ہے، شاہراہ قراقرم ہماری تہذیبوں کے درمیان عظیم آثار اور تاریخی یادگاروں کو محفوظ بناتی ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے حالات سازگار ہیں چین کے سرمایہ کار و تاجر اس سے مستفید ہوں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کی محبت اور اعتماد کا ثبوت ہے، سی پیک کی تکمیل سے پورا خطہ ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہو جائے گا، سی پیک منصوبہ جات نہ صرف اس خطے بلکہ وسطی ایشیائی ممالک کی ترقی کی ضمانت ثابت ہو سکتے ہیں، سی پیک کی بدولت دنیا کی بڑی مارکیٹوں تک رسائی میں نمایاں بہتری آئے گی تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ میسر ہوگا۔

چین کی شاندار اقتصادی کامیابیوں پر مبارکباد یتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے تقریباً 800 ملین افراد کو غربت سے نکالنے پر چین کی حکومت کو سراہا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ ایک ایسا کارنامہ ہے جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ چیئرمین سینیٹ نے صدر شی جن پنگ کے ویژن جس میں بین الاقوامی تعلقات اور اقتصادی عالمگیریت کے لیے اختراعی اور گہرے نقطہ نظر پر زور دیا گیا ہے کو بھی سراہا۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے چین کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ خواہشات کی بنیاد پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے قدرتی آفات اور کووڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والے عالمی بحران سمیت ہر مشکل گھڑی میں چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی ہمیشہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اورتعاون کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارت کاری پر زور دیا۔چیئرمین سینیٹ نے عوامی جمہوریہ چین کو قومی دن کے موقع پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے مبارکباد بھی پیش کی۔