انصاف ہاؤس کراچی کا مالک کرائے کیلئے عدالت پہنچ گیا

پی ٹی آئی رہنماؤں نے ایک کروڑ 39 لاکھ روپے کرائے کی مد میں ادا نہیں کیے،درخواست میں موقف

ہفتہ 30 ستمبر 2023 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) انصاف ہاؤس کراچی کے مالک نے 10 سال سے کرایہ نہ ملنے پر کراچی میں عدالت سے رجوع کر لیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ایک ہزار گز جگہ 5 جنوری 2012 کو کرائے پر دی گئی تھی، انصاف ہاؤس کا کرایہ ایک لاکھ روپے مقرر کیا گیا تھا۔وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے ایک کروڑ 39 لاکھ روپے کرائے کی مد میں ادا نہیں کیے۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انصاف ہاؤس کا قبضہ اور کرائے کی رقم دلوائی جائے۔انصاف ہاؤس کراچی کے دفتر کا معاہدہ صدر مملکت عارف علوی، مرحوم نعیم الحق اور سابق گورنر عمران اسماعیل نے کیا تھا جبکہ ضمانتی کے طور پر سابق رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان اور فردوس شمیم نقوی نے دستخط کیے تھے۔واضح رہے کہ انصاف ہاس کو 9 مئی کے واقعات کے بعد سیل کردیا گیا تھا، پی ٹی آئی کی جانب سے دفتر کو کھولنے کے لیے مقامی عدالت میں کیس بھی دائر ہے۔کیس میں عدالت نے پولیس کو دفتر کھولنے مگر 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پاپندی کا حکم دے رکھا ہے۔