پی ٹی آئی لانگ مارچ حملہ کیس کامرکزی ملزم نوید کے ریمانڈ میں 14 اکتوبر تک توسیع

ہفتہ 30 ستمبر 2023 22:07

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) پی ٹی آئی لانگ مارچ حملہ کیس کے مرکزی ملزم نوید کو جوڈیشل کمپلیکس وزیرآباد میں سول جج کی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم کے ریمانڈ میں 14 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔ ملزم نوید نے نومبر 2022 میں وزیرآباد اللہ والا چوک کے قریب لانگ مارچ پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں چیئرمین پی ٹی آئی و دیگر قائدین زخمی جبکہ اسی حملے کے دوران ایک کارکن جاں بحق ہوا تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی و لانگ مارچ پر حملے کے مرکزی ملزم نوید کو مقدمہ نمبر 744/22 میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل کمپلیکس وزیرآباد میں سول جج حماد رضا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزم کو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس وزیرآباد لایا گیا۔ ملزم کے ریمانڈ میں 14 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ ملزم نے نومبر 2022 میں پی ٹی آئی لانگ مارچ پر حملہ کیا تھا جس کے بعد اسے جائے وقوع سے ملحقہ عمارت سے گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف اینٹی ٹیررازم کورٹ میں بھی حملے کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔