پاکستان سے مہنگائی کا خاتمہ کرنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے ،مریم نواز

اتوار 1 اکتوبر 2023 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جس نواز شریف کو عبرت کا نشان بنانے کی کوشش کی گئی اس کے استقبال کی تیاریاں پورا پاکستان کر رہا ہے، نواز شریف کو ختم کرنے کی یہ پہلی کوشش نہیں تھی بلکہ بہت بار یہ کوشش ہوئی ،یہ پہلی بار نہیں ہے کہ نواز شریف کو نکالا گیا ،اللہ کے فضل سے ہر بار کی طرح اس بار بھی نواز شریف پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر واپس آرہا ہے ،21اکتوبر کوفرد واحد کی واپسی نہیں ہے ،ان شااللہ پاکستان میں امید ،ترقی ،امن ،روزگاری کی واپسی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہدرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مریم نواز نے کہا کہ شاہدرہ کا نواز شریف سے جو لازوال رشتہ ہے ، محبت اور عشق کا رشتہ ہے۔

(جاری ہے)

چاہے عروج وزوال آئے ، اونچ آئے ، نیچ آئے ، گرم موسم ہو سرد موسم ہو شاہدرہ والوں نے اپنا راستہ نہیں بدلا،شاہدرہ نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا ، ملک ریاض نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا ، سیف الملوک کھوکھر نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا جس پر عاجزی سے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں لیکن دوسری طرف ایک لیڈر پر مشکل آئی نہیں اور اس کی جماعت ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی آمد آمد ہے ، میں نے اس کی تیاریوں کاآغاز شاہدرہ ٹائون سے کیا ہے،جب میں نے نواز شریف کو بتایا کہ میں آج شاہدرہ والوں سے ملنے جا رہی ہوں تو انہوں نے کہا کہ شاہدرہ والوں کو کو میرا محبت بھرا سلام دینا ۔مریم نواز نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 21اکتوبر کو کون آرہا ہے ،21اکتوبر کو نواز شریف سے ملنے کہاں جانا ہے ، چار سال بعد شاہدرہ والوں کی اور نواز شریف کی ملاقات کہاں ہو گی، 21اکتوبر بروز ہفتہ کو مینار پاکستان پر یہ ملاقات ہو گی ، میں سب کو یہاں دعوت دینے آئی ہوں ۔

مریم نواز نے ایک بار پھر شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک ،پاکستان کو ،ہماری سر زمین کو اس وقت کس کی ضرورت ہے ، یاد رکھنا 21اکتوبر کو صرف ایک فرد واحد نہیں آرہا بلکہ اس دن پاکستان کی خوشحالی واپس آرہی ہے ،پاکستان سے مہنگائی کا خاتمہ کرنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے ،پاکستان سے بیروزگاری کا خاتمہ کرنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے والا واپس آرہاہے۔