شہید ملت پر تنقید ڈس انفارمیشن، ملک کیخلاف سازش ہے، جسٹس ضیا پرویز

عوامی جمہوریہ چین سے دوستی کی لازوال بنیاد شہید ملت کا ہی کارنامہ ہے، محفوظ النبی خان

پیر 2 اکتوبر 2023 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2023ء) قائد اعظم کے دست راست و قابل اعتماد ساتھی، تحریک پاکستان کے سرکردہ رہنما و مملکت خدا داد پاکستان کے پہلے وزیر اعظم شہید ملت نواب خان لیاقت علی خان کے 128ویں یوم ولادت کے موقع پر محب قومی سماجی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام اور شہید ملت لیاقت علی خان میموریل کمیٹی، تحریک نفاذ اردو و صوبائی زبان کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہید ملت لیاقت علی خان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے کارناموں کو تاریخ ساز قرار دیا مقررین نے مزار قائد پر عائد داخلہ فیس اور شہید ملت کے یوم کو سرکاری سطح پر نہ منائے جانے کو حکمرانوں کی بے حسی کی کھلی دلیل بھی کہا سیمینار سے مہمان خصوصی جسٹس ضیا پرویز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ملت پر کی جانے والی تنقید ڈس انفارمیشن ہے اس طرح کے منفی پروپیگنڈے ملک کے خلاف سازش ہیں جبکہ سیمینار کے صدر محفوظ النبی خان نے کہا کہ شہید ملت لیاقت علی خان کو 20 ویں صدی میں برصغیر کے مسلم سیاست دانوں میں ممتاز مقام حاصل ہے شہید ملت نے انڈین نیشنل کانگریس کو ٹھکراتے ہوئے دو قومی نظریہ پر استقامت کا مظاہرہ کیا انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی وطن واپسی ان کی ہی کاوشوں کا نتیجہ تھی اور عوامی جمہوریہ چین سے دوستی کی لازوال بنیاد بھی شہید ملت کا ہی کارنامہ ہے سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر راحیلہ ٹوانہ نے شہید ملت لیاقت علی خان کی طرز زندگی کو آج کے حکمرانوں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم شہید ملت نے اپنا سب کچھ ملک و ملت پر قربان کردیا اور اقتدار میں بیٹھے ہوئے آج کے سیاسی اور غیر سیاسی عناصر کی تمام تر کوشش محض اپنی جائدادیں بنانے پر لگی ہوئی ہیں ان کے بیرون ملک اثاثے قوم کے سامنے اس کی واضح دلیل ہیں مسلم لیگی رہنما خواجہ سلمان نے کہا کہ ان کی جماعت آئندہ برسر اقتدار آکر شہید ملت کے یوم پر عام تعطیل کا اعلان کرے گی معروف دانشور ابصار احمد نے ملکی دفاع کی مضبوطی و استحکام میں شہید ملت لیاقت علی خان کے کردار کو لائق تحسین کہا شہر کی معروف شخصیت سید نسیم شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ جو قومیں اپنے محسنوں کو بھول جاتی ہیں وہ تباہ و برباد ہو جاتی ہیں ہمیں فخر ہے کہ شہید ملت نے پاکستان کے قیام اور اس کے استحکام کے لئے اپنی جان قربان کردی مگر کوئی سمجھوتا نہیں کیا سماجی رہنما اسلم خان فاروقی نے کہا کہ شہید ملت قدم قدم پر قائد اعظم کے شانہ بشانہ رہے انہی کی کوششوں سے 1941 کے انتخابات میں کانگریس کے مقابلے میں آل انڈیا مسلم لیگ کو مسلمانوں نے ووٹ دیا اور بعد ازاں ان ہی کی انتھک کاوشوں کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو دنیا کے نقشے پر ایک نیا ملک پاکستان کے نام سے معرض وجود میں آیا انہوں نے کہا کہ شہید ملت کا شمار پاکستان کے صف اول کے رہنماں اور معماران وطن میں ہوتا ہے سیمینار میں مقاصد پاکستان کی تکمیل کے لئے جدوجہد تیز کرنے کے عزم کا عہد بھی کیا گیا سیمینار سے مذہبی اسکالر علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی، اسلم غوری، اشرف اقبال، شہاب الدین غوری، حسین شاہ رحمانی، حمیرا ثروت، ہما ناز و دیگر نے خطاب کیا جبکہ علامہ فیروز الدین رحمانی نے شہید ملت سمیت مستونگ، ہنگو اور پاک فوج کے شہدا کے درجات کی بلندی و ملکی سلامتی و استحکام کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔