Live Updates

پی ٹی آئی کا مشکل دور ختم ہونیوالا ہے‘ عمران خان جلد عوام میں ہوں گے، اسد قیصر

تحریک انصاف کے ساتھ یہ سب ناسمجھی اور مس انڈر اسٹینڈنگ پر ہو رہا ہے‘ محمد علی درانی کے علاوہ اور بھی کچھ لوگ مفاہمت کی کوشش کر رہے ہیں۔ سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 اکتوبر 2023 12:13

پی ٹی آئی کا مشکل دور ختم ہونیوالا ہے‘ عمران خان جلد عوام میں ہوں گے، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اکتوبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے یہ ناسمجھی اور مس انڈر اسٹینڈنگ پر ہو رہا ہے، مجھے یقین ہے پی ٹی آئی کا مشکل وقت ختم ہونے والا ہے، ہم کسی مائنس ون پر یقین نہیں رکھتے، عمران خان ہی تحریک انصاف ہیں، امید ہے عمران خان جلد عوام میں ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز پر صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں سے ٹکراؤ نہیں چاہتے، میں جو بات کر رہا ہوں وہ پی ٹی آئی چیئرمین کے دیئے مینڈیٹ سے کر رہا ہوں، ہمارے لیڈر کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، لوگ دوسروں کا نام لیتے ہیں میں کہتا ہوں اس سب کے پیچھے ن لیگ ہے، یہ مشکل ترین وقت ہے اور پی ٹی آئی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، جو کچھ ہو رہا ہے مس انڈرسٹینڈنگ ہے، ملک کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں، پاکستان، جمہوریت اور فوج کو تنازعات سے باہر رکھیں، سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن احترام کی بنیاد پر ایک دوسرے کے حق کو تسلیم کیا جائے۔

(جاری ہے)

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نے آپس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، محمد علی درانی کی کاوش اچھی ہے، محمد علی درانی سے بات ہوئی انہوں نے جو کہا وہ ہماری پارٹی کا بیانیہ ہے، کم کسی صورت اداروں سے ٹکراؤ نہیں چاہتے، محمد علی درانی کے علاوہ اور بھی کچھ لوگ مفاہمت کی کوشش کر رہے ہیں، جو کوششیں کر رہے ہین وہ پر امید ہیں کہ سمجھداری غالب آجائے گی۔

اسد قیصر کا خیال ہے کہ تحریک انصاف اس وقت تاریخ کے مشکل ترین وقت سے گزر رہی ہے، جس طرح ہمارے لیڈر کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت کیسز بنائے گئے یہ افسوسناک ہے، یہ زیادتی صرف پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کے ساتھ ہورہی ہے، ہم اپنے مقدمات کا عدالت میں سامنا کریں گے ان کے لیے کوئی حمایت نہیں چاہیئے، پاکستان کے شہری ہیں اور انتخابات میں بھرپور حصہ لینا ہمارا حق ہے، عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم اور امیدواروں کے انتخاب کی حکمت عملی بنائی ہوئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات