فلسطین و غزہ پر اسرائیلی دہشت گردی، انسا نیت سوزاورظالمانہ حملے قابل مذمت ہیں،چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سیدمحمد عبدالخبیر آزادکی فلسطینی سفیر سے گفتگو

بدھ 18 اکتوبر 2023 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2023ء) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان ، خطیب و بادشاہی مسجد مولانا سیدمحمد عبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام کے وفد نے فلسطینی سفیر احمد جواد رابی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے سفیر فلسطین احمد جواد رابی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین و غزہ پر اسرائیلی دہشت گردی، انسا نیت سوزاورظالمانہ حملے قابل مذمت ہیں،اسرائیل نے ظلم وبربریت،دہشت گردی اور درندگی کی انتہاء کر دی ہے،عالمی برادری اسرائیلی دہشت گردی کو روکنے کا نوٹس لے،اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے،اب وقت آگیا ہے کہ پوری دنیا متحد ہوکر اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف میدان میں آئے،اوراو آئی سی،یو این او قبلہ اوّل اور فلسطین کی آزادی اور آزاد ریاست کے حوالے سے فیصلہ کروائے تاکہ اس پورے خطے میں امن قائم ہو سکے، اقوام متحدہ اپنی مؤثر قرارداد اور قانون سازی کے ذریعے فلسطینیوں پر وحشیانہ مظالم کو روکنے کا مؤثر انتظام کرے،مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا،پاکستان اورسپہ سالار پاکستان جنرل عاصم منیر کا فلسطین و غزہ مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مؤقف پوری ملت اسلامیہ کی ترجمانی ہے، فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی اوراخلاقی حمایت حاصل ہوگی،آرمی چیف کے بیان نے پاکستانی قوم کے دل جیت لیے،غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم بھلائے نہیں جا سکتے،معصوم بچوں، خواتین اور ضعیفوں کو بھی معاف نہیں کیا گیا،اسرائیل غزہ کے نہتے مسلمان خواتین اور معصوم بچوں پر وحشیانہ حملے کر کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے جس کو بندہونا چاہیے،اب اسرائیل کوفلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسکی غنڈہ گردی بند کرنی ہوگی،پاکستان،سعودی عرب،ایران،قطر،ترکی نے فلسطین وغزہ کے حوالے سے جو مؤقف دیا ہے وہ پوری اُمت مسلمہ کی آواز ہے،پاکستانی عوام اور علماء فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں قبلہ اوّل بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی تک ان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا حالیہ حملہ پوری دنیا کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے،اسرائیل نے تمام عالمی قوانین کی دھجیاں اڑادیں ہیں،ایسے حالات میں عالمی ممالک کا خاموش نہیں رہنا چاہیے اسرائیل اگر اپنی ان حرکتوں سے باز نہ آیا اور معصوم جانوں کے ساتھ اسی طرح کھیلتا رہا تو عالمی سطح پر تمام عالمی دنیا اور عالم اسلام کو ملکر اسکو سیکھانا ہوگا،فلسطین اور غزہ میں امن کے بغیر دنیا میں امن کو قائم کرنا ناگزیر ہے،مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کے نہتے مسلمانوں پر ہوائی جہازوں،ٹینکوں اور توپوں کے ساتھ وحشیانہ حملے قابل مذمت ہیں،اسرائیلی حملے انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیل ایک متعصب اور دہشت گرد ریاست بن چکا ہے،تمام مذاہب کو چاہیے کہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کریں،مولاناسید محمد عبدالخبیر آزادنے کہا کہ اسرائیل کے اس ظلم پر دنیا بھر کے تمام لوگ سراپا احتجاج ہیں،فلسطین وغزہ کے مسلمانوں کے لیے ہر طرح کی امداد کیلئے پاکستانی عوام ہمہ تن تیا ر ہے،آخرمیں فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،پاکستان کی ترقی و خوشحالی و استحکام اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء کی گئی۔

ملاقات میں علامہ شبیر احمد میسمی، ملک طارق اعوان،علامہ زبیر احمد ظہیر،مفتی ضمیر احمد ساجد،مولانا عبدالعزیز،مولانا تنویر احمد علوی، مولاناعامر شہزاد، مولانا شمس الحق،مولانا ہارون الرشید بالاکوٹی،مولانا عبدالظاہر فاروقی، مولانا سعید اعوان، پیر عمرفاروق شاہ،مولانا عابد اسرار،مولانا عمر، مولانا حسین احمد،مولانا حسین احمد،شیخ عبدالوہاب، قاری بلال، مفتی گلزار احمد نعیمی، حسن شعیب،ڈاکٹر ارشاد احمد خان، حافظ سید محمد عبدالرزاق آزاد، ملک زرداد خان، ملک اشتیاق احمد خان، علامہ سجاد حسین نقوی،علامہ مصطفی حید ر نقوی، سید ناصر عباس شیرازی، آخونزادہ زاہدعلی عسکر، مولانا مامون الرشید ودیگر حضرات شریک تھے۔