جوان بیٹے کی موت دیکھنا وہی جانتا ہے جس پر گزری ہو

زخم بہت گہرا ہے، اللہ کی رضا میں راضی ہیں، مولانا طارق جمیل بیٹے کی نماز جنازہ پر آبدیدہ ہو گئے

muhammad ali محمد علی پیر 30 اکتوبر 2023 20:04

جوان بیٹے کی موت دیکھنا وہی جانتا ہے جس پر گزری ہو
خانیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اکتوبر 2023ء ) مولانا طارق جمیل بیٹے کی نماز جنازہ پر آبدیدہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزاے عاصم جمیل کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ مولانا طارق جمیل نے اپنے صاحبزادے کی نماز جنازہ خود پڑھائی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی سے قبل شدت غم سے نڈھال مولانا طارق جمیل آبدیدہ ہو گئے، انہوں نے کہا جوان بیٹے کی موت دیکھنا وہی جانتا ہے جس پر گزری ہو، زخم بہت گہرا ہے، اللہ کی رضا میں راضی ہیں۔

دوسری جانب ملک کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بھائی ڈاکٹر طاہر کمال نے اپنے بھتیجے عاصم جمیل کے انتقال کی مکمل تفصیل بتادی، اُردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے شدت غم سے نڈھال ہوگئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا نیٹ ورک ’اُردو پوائنٹ‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عاصم ہماری آبائی حویلی میں ہی ہوتا تھا کیوں کہ اسے گاؤں بہت پسند تھا اس لیے وہ یہیں رہتا اور کام وغیرہ دیکھتا تھا، میرا بیٹا اور عاصم دونوں جم میں ایکسر سائز کر رہے تھے کہ عاصم اس دوران پستول چیک کرنے لگ گیا تو میرے بیٹے نے کہا ’یار نہ چھیڑا کرو اسے کیوں ٹک ٹک کرتے رہتے ہو، خالی ہے‘ تو عاصم نے کہا ’میں صرف چیک ہی کر رہا ہوں خالی ہے یا اس میں کوئی گولی ہے‘۔


ڈاکٹر طاہر کمال کا کہنا ہے کہ پستول میں ایک گولی پھنسی ہوئی تھی اور چیک کرتے وقت جب پستول پر دباؤ پڑا تو اچانگ گولی چل گئی جو عاصم کے سینے میں آکر لگی کیوں کہ پستول کا رخ اس طرف تھا اور گولی لگنے سے عاصم کی موقع پر ہی موت ہوگئی، اب اس کو کوئی الگ ہی رنگ دے تو کیا کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سارے کزن ہنسی خوشی ورزش کر رہے تھے، شام کو سب کی حویلی میں میٹنگ ہوتی تھی اور ان کی خوب محفل جمتی تھی، عاصم کبھی کسی سے اونچی آواز میں بات نہیں کرتا تھا اور بہت سخی انسان تھا، سب اس سے خوش تھے کیوں کہ بہت نفیس طبیعت کا شخص تھا، ہمارے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایسے ہوسکتا ہے، میں اپنی فیملی کو لے کر لاہور جانے کے لیے 4 بجے یہاں سے نکلا ہوں تو ٹول پلازہ پر خبر آئی کہ عاصم کو گولی لگ گئی ہے۔

مولانا طارق جمیل کی افسوسناک موت سے متعلق اُردو پوائنٹ کی تفصیلی رپورٹ ملاحظہ فرمائیں؛