شاہین آفریدی نے ثقلین مشتاق کا کم ترین میچز میں 100 وکٹوں کا 26 سالہ ملکی ریکارڈ توڑ دیا

پیسر 51 میچز میں 22.83 کی اوسط سے 101 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 31 اکتوبر 2023 14:01

شاہین آفریدی نے ثقلین مشتاق کا کم ترین میچز میں 100 وکٹوں کا 26 سالہ ملکی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 اکتوبر 2023ء ) پاکستانی پیسر شاہین آفریدی نے ’دوسرا‘ کے موجد ثقلین مشتاق کا کم ترین میچز میں 100 وکٹوں کا 26 سالہ ملکی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء میں بنگلہ دیش کیخلاف کولکتہ میں جاری میچ میں شاہین آفریدی نے بنگالی اوپنر تنزید حسین کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کرکے ون ڈے کرکٹ میں 51 میچز میں 23.05 کی اوسط سے 100 وکٹیں مکمل کیں، پاکستان کے مایہ ناز آف سپنر ثقلین مشتاق 53 میچوں میں یہ کارنامہ انجام دینے کے بعد ملکی ریکارڈ اپنے پاس رکھتے ہیں۔

شاہین آفریدی کم ترین میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پیسر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے مچل سٹارک پاس تھا جنہوں نے 52 میچز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا ، شین بونڈ اور مستفیض الرحمان 54،54 میچز میں یہ کارنامہ سرانجام دیکر مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل شاہین آفریدی سابق باؤلر محمد عامر کو پیچھے چھوڑ کر وسیم اکرم کے بعد پاکستان کے لیے سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے پیسر بن گئے۔

23 سالہ نوجوان پیسر نے 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے 18ویں میچ کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا۔ شاہین آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل 259 وکٹیں حاصل کی تھیں، جو کہ عامر جتنی تھیں، انہوں نے پہلی دو وکٹیں لیکر باضابطہ طور پر 31 سالہ محمد عامر کو پیچھے چھوڑ دیا اور اب وہ گرین شرٹس کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائیں بازو کے باولرز میں صرف لیجنڈری وسیم اکرم سے پیچھے ہیں، ان کی بین الاقوامی وکٹوں کی تعداد 264 ہوگئی ہے۔

شاہین آفریدی نے اب کل 129 میچوں (147 اننگز) میں 268 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ عامر نے 147 میچوں (177 اننگز) میں 259 وکٹیں حاصل کیں۔ وسیم اکرم نے 460 میچوں (532 اننگز) میں اپنے جادوئی بائیں ہاتھ سے 916 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی نے 2019ء کے ٹورنامنٹ کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف اپنے کیریئر کے بہترین 6/35 اعداد و شمار حاصل کیے تھے جس کی وجہ سے وہ اپنے سسر شاہد آفریدی کے بعد ورلڈ کپ کرکٹ میں 2 مرتبہ 5 یا زیادہ شکار کرنے والے صرف دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔