غیر قانونی افغان باشندوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری،ساڑھے چھ ہزارافرادواپس چلے گئے

پیر 6 نومبر 2023 22:35

ٓپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2023ء) چمن اور طورخم بارڈر سے غیر قانونی افغان باشندوں کی باعزت طریقے سے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز 6584 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے۔ اب تک ایک لاکھ 88 ہزار 738 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری اپنے وطن لوٹ چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق 5 نومبر کو پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم1878 مرد، 1624 خواتین اور 3082 بچے اپنے ملک چلے گئے۔

892 خاندانوں کی افغانستان واپسی223 گاڑیوں کے ذریعے عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی افراد کے لئے عارضی ٹرانزٹ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے کوائف اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انہیں واپس اپنے ملکوں کو بھیجا جا رہا ہے۔ غیر قانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی پر نادرا نے ہنگامی بنیادوں پر خیبر پختونخوا میں اپنی خدمات کا آغاز کیا ہے اور پورے ملک سے 22 موبائل وینز جمع کرکے لنڈی کوتل پہنچائی گئی ہیں۔ ٹرانزٹ پوائنٹ پر موبائل وینز کی سہولت کے ساتھ 20 کاونٹر بھی تشکیل دیے گیے جس میں نادرا کے 140 ملازمین 24 گھنٹے بلا تعطیل اپنی ذمہ داری سر انجام دے رہے ہیں۔