Live Updates

پاکستان میں روز اول سے مقتدر قوتوں نے ریڈی میڈ لوگوں کیلئے راستے بنائے، ایمل ولی خان

جمعرات 9 نومبر 2023 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2023ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں روز اول سے عوامی لیڈرشپ کی بجائے مقتدر قوتوں نیریڈی میڈ لوگوں کیلئے راستے بنائے۔ قیوم خان سے عمران خان تک نام نہاد قیادت سیاسی مشینری کی پیداوار ہے۔ پی ٹی آئی دور میں پختونخوا کو تباہ کرنے والوں کو ڈرائی کلین کیا جارہا ہے۔

پختونخوا میں پرویز خٹک دعوے کررہا ہے کہ وہ آئندہ وزیراعلی ہوں گے۔ پرویز خٹک کو جو لوگ وزیراعلی بنائیں گے، عوام کی نہیں بلکہ انکی خدمت کریں گے۔ تھانہ میں عوامی نیشنل پارٹی پی کے 23 ملاکنڈ کے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ ایک شخص کو لندن سے لا کر وزارت عظمی کی کرسی پر بٹھانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

سیاسی قیادت بنانے والے کارخانے نے آج تک عوام کا خیرخواہ پیدا نہیں کیا۔ ملک اور قوم کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے اس کارخانے کو بند ہوجانا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، عوام، معیشت کی بہتری اور مسائل کا واحد حل فوج کی سیاست میں مداخلت کا خاتمہ ہے۔ ہم کسی بھی بیساکھی کی نہیں بلکہ عوامی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ ملاکنڈ میں پرویزخٹک کیلئے انتظامیہ نے خود انتظامات کئے جو شرمناک ہیں۔

عوام خود دیکھ لیں کہ ان کے وسائل پر قبضے کون کررہا ہے اور وسائل پر اختیار حاصل کرنے کا راستہ کیا ہے۔ اپنے وسائل پر اختیار حاصل کرنے کیلئے عوام عوامی نیشنل پارٹی کا ساتھ دیں۔ صوبائی صدر ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ افغان قوم پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک میں آباد ہیں۔ ہم آئین اور قانون پر یقین رکھتے ہیں، مانتے ہیں کہ غیرقانونی طور پر دوسرے ملک میں رہنا جائز نہیں، لیکن التجا کرتے ہیں کہ افغان مہاجرین کا مسئلہ گذشتہ 50 سال سے جاری ہے۔

درخواست یہ ہوگی کہ ان افغان بہن بھائیوں کے ساتھ عزت اور پیار کا سلوک کیا جائے۔ یہاں رہنے والوں کیلئے نرمی پیدا کی جائے، قانونی طور پر مقیم افراد کو تنگ نہ کیا جائے۔ کنونشن سے ضلعی صدر و امیدوار این اے 9 اعجاز علی خان اور امیدوار پی کے 23 اظہار خان نے بھی خطاب کیا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات