فلسطین میں جنگ بندی کیلئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے بصورت دیگر تیسری جنگ عظیم چھڑنے کا خطرہ ہے ، ڈاکٹر قادر مگسی

جمعہ 10 نومبر 2023 19:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2023ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چئیرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ فلسطین میں جنگ بندی کیلئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے بصورت دیگر تیسری جنگ عظیم چھڑنے کا خطرہ ہے ۔اگر ایسا ہوا تو ہر طرف لاشیں ہونگی اور قیامت سے قبل قیامت کا منظر ہوگا ،ڈاکٹر قادر مگسی حیدرآباد میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے زیر اہتمام شہباز بلڈنگ سے پریس کلب تک نکالی گئی ریلی کے شرکا سے خطاب کررہے تھے ، انھوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پہلے دن سے ہی اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں آج غزہ کو اسرائیل نے لاشوں کا ڈھیر بنا دیا ہے معصوم بچوں کا قتل عام کیا جارہا ہے جبکہ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوچکا ہے لیکن اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک نے خاموشی اختیار کررکھی غزہ میں اسپتالوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی بچے خواتین مرد شہید ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد گھروں سے بے گھر ہیں انھوں نے کہا کہ آج فلسطین کی سرزمین پکار رہی ہے کہ انکا ساتھ دیا جائے اسلامی ممالک مسجد اقصی کے تقدس کیلئے مدد کریں لیکن عالمی برادری کے رویہ پر صرف افسوس کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس کو ہم یقین دلاتے ہیں کہ پورا سندھ انکے ساتھ ہے جبکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں اقوام متحدہ اسرائیل کے مظالم کا نوٹس لیکر جنگی بندی کروائے تاکہ معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کو روکا جاسکے