ہمارا بس چلا تو نواز شریف ہی وزیر اعظم ہوں گے

وزیر اعظم لاہور سے نہیں تو جاتی امرا سے ہوگا، لیگی رہنما ایاز صادق کا بلاول کے بیان پر ردعمل

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 11 نومبر 2023 22:19

ہمارا بس چلا تو نواز شریف ہی وزیر اعظم ہوں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر2023ء) سینئر لیگی رہنما ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارا بس چلا تو نواز شریف ہی وزیر اعظم ہوں گے۔ انہوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم لاہور سے نہیں تو جاتی امرا سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے ہمارا تعلق ہے 18 مہینے ساتھ کام کیا، پیپلز پارٹی کا حق جو چاہیں بولیں لیکن ان کے قائدین کے بیانات سے ان کے امیدوار مایوس ہوں گے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کا وفد کراچی پہنچ گیا ہے، جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ آج شرجیل میمن کے صاحبزادے کی شادی میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پیر پگارا سے ملاقات کر کے نواز شریف کا پیغام پہنچائیں گے۔ ایاز صادق نے کہا کہ کل ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد جائیں گے جہاں اس کے ساتھ اتحاد کو آگے بڑھانے پر بات ہوگی، ہم کسی کے خلاف اتحاد بنانے نہیں جا رہے۔

(جاری ہے)

ادھر لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ نوازشریف کو انصاف ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے ابھی ملا نہیں، لوگ جانتے ہیں سلیکشن کمیٹی کے سامنے کون سی وی پیش کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ک جمہوریت اور انتخابات میں باریاں نہیں ہوتیں ، جسے لوگ منتخب کریں گے وہ حکومت بنائیں گے، عوام سمجھ رہے نواز شریف ہی اس گرداب سے ملک کو نکال سکتا ہے۔ 2018میں سلیکشن کمیٹی بنی تھی یہ بات درست ہے، 2002میں بھی سلیکشن کمیٹی نے کام کیا تھا، یہ بات ان سے پوچھیں کونسی سلیکشن کمیٹی ہے جس نے کسی کو سلیکٹ کیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم بننے کی خواہش ہر شخص کر سکتا ہے لیکن پاکستان کے عوام اس بار وزیر اعظم لاہور سے نہیں لیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے ہر الیکشن میں کسی اور جگہ کے بجائے عوام کی طرف دیکھا ہے، ہم میدان میں ہیں اور بھرپور مقابلہ کریں گے، میدان وہ نہیں ہیں جو نومبر میں انتخابات اور ضمنی انتخابات سے بھاگ گئے۔