سیاست اور اقتدار اب نوجوانوں کا حق ہے ‘ فائق شاہ

موروثیت اور خاندانی بادشاہت کو ختم کرینگے ‘ یہی انقلاب ہوگا ‘ چیئرمین اے ٹی پی

جمعہ 17 نومبر 2023 22:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2023ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ سابق پی ڈی ایم اتحاد کی دال جوتیوں میں بٹنے لگی ہے، بلاول اپنی باری آور میاں صاحبان اپنی بادشاہت مانگ رہے ہیں دونوں سیاسی مریض ایک ہی ڈاکٹر سے دوا لیتے ہیں، اقتدار کیلئے باؤلے ہو چکے ہیں، آج بجلی،گیس اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ملک پر قرضوں کا بوجھ لاد دیا گیا، قانون و انصاف کو انہوں نے ذاتی لونڈی بنا دیا، انصاف، روزگار، صحت اور تعلیم غریب آدمی بلکہ چوبیس کروڑ عوام کی پہنچ سے باہر ہے چار دہائیوں تک انہی طبقات نے حکومت کی ہے، کیا اب بھی اقتدار ان کو دیا جائے گا ادارے، عوام اور بااثر طبقات ان کو پہچانیں، چوتھی بار وزیر اعظم کا جھگڑا طویل ہو یا اقتدار بانٹنے کی کہانی یہاں عوام کیلئے کچھ بھی نہیں ہے، امن ترقی پارٹی شفاف نظام اور مشترکہ قیادت کیلئے منصوبہ لائی ہے عوام اور ماہرین اس کو اپنا کر ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں ہمیں اقتدار نہیں، عوام کا اختیار چاہئے جہاں عوام فیصلہ کر سکیں، سیاسی مریضوں کو مذید ملک پر مسلط کیا گیا تو اس سے بڑی بدقسمتی کوئی اور نہیں ہوگی، محمد فائق شاہ نے کہا کہ امن ترقی پارٹی نے پہلے مرحلے میں سینکڑوں ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں اور انصاف اور اختیار عوام کیلئے کے نعرے اور قابلِ عمل منشور کے تحت سیاسی اجارہ داروں کا مقابلہ کیا جائے گا عوام کو انصاف اور اختیار لے کر دیا جائے گا نوجوان اور باصلاحیت افراد تیار رہیں حکومت، سیاست اور اقتدار اب نوجوانوں کا حق ہے جس سے وہ مورثیت، شخصی سیاست اور خاندانی بادشاہت کو ختم کریں گے یہی سب سے بڑا انقلاب ہوگا، حقیقی جمہوریت کے ثمرات دیکھیں گے اس موقع پر متعدد افراد نے امن ترقی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جن کو محمد فائق شاہ نے خوش آمدید کہا اور عوام رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔