پنشنرزایسوسی ایشن آزادکشمیرکابیوہ بیٹی وبہو کی پنشن بند کرنے پر اظہار تشویش

ایڈیٹرجنرل پاکستان،کنٹرولر جنرل پاکستان وچیف سیکرٹری آزادکشمیر،سیکرٹری مالیات کو احتجاجی مکتوب ارسال کردیئے

پیر 20 نومبر 2023 22:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2023ء) پنشنرزایسوسی ایشن آزادکشمیرنے بیوہ بیٹی وبہو کی پنشن بند کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیٹرجنرل پاکستان،کنٹرولر جنرل پاکستان وچیف سیکرٹری آزادکشمیر،سیکرٹری مالیات کو احتجاجی مکتوب ارسال کردیئے۔مکتوب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایکٹ 2005کو آزادکشمیر میں نافذ کیاجانا چاہیے تھا لیکن باوجوہ ایسا نہ ہوسکا،قرارداداجلاس جنوری 2018کے تحت پاکستان وپنجاب حکومت کی جانب سے پنشن قوائد میں ہونے والی ترامیم کو آزادکشمیر میں نافذ ہونے کا فیصلہ ہوا تھا مگر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا،علاوازیں حکومت پاکستان کے سرکلرکے تحت آزادکشمیر میں بیوہ بیٹی وبہو کوتاحیات پنشن دینے کا فیصلہ ہوا تھا لیکن آزادکشمیر میں بیوروکریسی کی نااہلی کی وجہ سے سرکلر پر عمل نہ ہوسکاجس کی وجہ سے 3سو کے قریب بیوہ بیٹیوں جن کا کوئی سہارا نہیں ہے انہیں پنشن سے محروم کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پنشنرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنمائو ںراجہ ممتازخان،سید نذیرحسین شاہ،محبوب اعوان،بشیراحمد ڈار،ذوار نقوی،شیخ سراج منیر،،قاضی صدیق،بشیر ترین،صوفی گوہرالرحمن،عبدالحمید اعوان،سخاوت غوری،مظفرحسین منہاس ،میر محمد رفیق ایڈووکیٹ،غفورفاروقی،خالد گیلانی،پروفیسر افضل اعوان،شیخ جہانزیب ،پروفیسر سیف اللہ جرال،اشفاق طاہر ودیگر کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث آج بیوہ بیٹیوں کے چولہے بج چکے ہیں طوفان مہنگائی میں جینا مشکل ہوچکا ہے،آزادکشمیر جیسے حساس خطے میں پاکستان اورآزادکشمیر کے اندر نفرتیں پیدا ہونے والے چہروں کو بے نقاب کیاجائے،وزیراعظم پاکستان ،آرمی چیف نوٹس لیں اورسینکڑوں بیوہ بیٹیوں اوربہو کی پنشن فوری بحال کیاجائے کیوں کہ پاکستان کے چاروں صوبوں،گلگت بلتستان اورعسکری پنشنرز کو یہ پنشن مل رہی ہے آزادکشمیر کے شہریوں سے دورامعیار کیوں فوری طور پر اگر یہ مسئلہ حل نہ کیا گیا تو دسمبر کے پہلے ہفتے میں احتجاجی تحریک کا اعلان کریں گے اورمتاثر ہونیو الی خواتین کو سڑکوں پر لائیں گے۔