کمشنرکی ریونیو امورکے حوالے سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ایک ہفتہ کے اندر اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

منگل 21 نومبر 2023 18:13

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2023ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے ریونیو امور میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے والے ضلع سرگودہا کے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ایک ہفتہ کے اندر اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تحصیلدار سلانوالی کو فوری سرینڈر کرنے کا حکم دیاہے۔انہوں نے ریونیو واجبات کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنانے کیلئے چاروں اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنروں کو دن رات کام کرنے، نادہندگان کے گھروں سے جا کروصولی کرنے بصورت دیگر اپنے پاس سے واجبات سرکاری خزانے میں جمع کروانے کی ہدایت بھی کی۔

یہ احکامات انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کے عوامی بہبود کے اقدامات پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس میں جاری کئے۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز(ریونیو)، اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرزلینڈ ریکارڈ سمیت دیگر ریونیو افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے ڈویژن بھر میں دیہی مراکز مال کو حقیقی معنوں میں دیہی عوام کیلئے سہولت سنٹر بنانے پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں نے ای رجسٹریشن، لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن، ماڈل ای رجسٹریشن سنٹرز، سب رجسٹرار دفاتر کی تعمیر ومرمت، دیہی مرکز مال کے قیام اور بی او آر کی جاری ترقیاتی سکیموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں زیر التواء رجسٹریشن اور گرداوری کو حل کرنے کے علاوہ ریونیو فیلڈ سٹاف کی انفرادی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

کمشنر نے ریونیو افسران کو دلجمعی سے کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ محکمہ مال کے امور میں سائلین کو بہتر انداز میں ریلیف میسر آسکے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا، ڈپٹی کمشنر میانوالی سجاد احمد خان، ڈپٹی کمشنر بھکر نور محمد اعوان اور ایڈیشنل کمشنر رائے یاسر بھٹی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :