پولینڈ کےسرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا پولینڈ کے یوم آزادی اور مسلح افواج کے دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 21 نومبر 2023 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2023ء) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پولینڈ کے یوم آزادی اور مسلح افواج کے دن کے موقع پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے پولینڈ کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، پولینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں، پاک فضائیہ کی ترقی میں پولینڈ کے پائلٹس کے کردار پر پاکستان کے عوام کو فخر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پولینڈ کے یوم آزادی اور مسلح افواج کے دن کے موقع پر پولینڈ کے سفارت خانہ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ مشاورت سے مختلف سطحوں پر تعاون کی راہ ہموار ہوئی جو کہ حوصلہ افزاءہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات کے استحکام کے لئے پولینڈ کے اسلام آباد میں موجود سفارت خانے کا انتہائی اہم کردار ہے۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام پاک فضائیہ کی ترقی میں پولینڈ کے پائلٹس کے کردار پر فخر کرتے ہیں، بالخصوص ایئر کموڈور تورووچ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارہ کہو بائی پاس کا نام تورووچ کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو وسعت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے، گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 899 ملین ڈالر تھا، ہمیں اس میں خاطر خواہ اضافے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے پاکستان میں پولش آئل اینڈ گیس کمپنی (PGiNG) کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ کمپنی پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دے۔

نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا مقصد کان کنی، آئی ٹی، توانائی، زراعت اور دفاعی پیداوار جیسے اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن فراہم کرنا ہے، پولینڈ کے سرمایہ کار ان مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پولینڈ کے ساتھ پہلے ہی کئی معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط ہو چکے ہیں جبکہ کئی زیر غور ہیں جو دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی بہترین مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سفارتی پاسپورٹ کے لئے ویزا کی شرط کے خاتمے کے معاہدے پر دستخط ہوئے اور اس پر عمل درآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لئے ایسے معاہدے ناگزیر ہیں۔