پاک فضائیہ کے نوجوان کیڈٹس کو جدید ترین ٹیکنالوجی ، تصورات اور جدید جنگ سے متعلق موجودہ رجحانات سے باخبر رہنے کیلئے سخت محنت کرنی چاہئے، نگران وزیراعظم انوا ر الحق کاکڑ کا اصغر خان پی اے ایف اکیڈمی میں گریجویشن تقریب سے خطاب

منگل 21 نومبر 2023 21:40

رسالپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2023ء) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاک فضائیہ کے نوجوان کیڈٹس پر زور دیا ہے کہ انہیں جدید ترین ٹیکنالوجی ، تصورات اور جدید جنگ سے متعلق موجودہ رجحانات سے باخبر رہنے کیلئے سخت محنت کرنی چاہئے، انہوں نے کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لئےان کی منصفانہ اور مقامی جدوجہد کے لئے تمام فورمز پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوا ر الحق کاکڑ نے ان خیالات کا اظہار اصغر خان پی اے ایف اکیڈمی میں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔148ویں جی ڈی (پی)، 94ویں انجینئرنگ، 104ویں ایئر ڈیفنس اور 130ویں کمبیٹ سپورٹ کورسز کی گریجویشن تقریب پیر کو اصغر خان پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی موجود تھے۔ان کی آمد پر پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کے ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ تقریب کے دوران مجموعی طور پر 131 ایوی ایشن کیڈٹس، 8 جنٹلمین کیڈٹس اور 3 نیول کیڈٹس نے گریجویشن کیا۔ مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو برانچ کے نشانات اور ٹرافیاں دیں۔

جنرل سروس ٹریننگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ محمد علی گوہر کو دی گئی جبکہ کمبیٹ سپورٹ کورس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سید سعد علی نے حاصل کی۔ ایئر ڈیفنس کورس میں بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ سکندر عباس نے حاصل کی جبکہ انجینئرنگ کے شعبہ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر ایوی ایشن کیڈٹ صہیب سعید نے چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی حاصل کی۔

فلائنگ ٹریننگ میں شاندار کارکردگی پر چیف آف دی ائیر سٹاف کی بہترین پائلٹ ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ محمد موسیٰ جواد کو دی گئی جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ صہیب سعید کو کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر احمد ملک نے وصول کی۔

فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے زور دے کر کہاکہ آج پی اے ایف میں بطور آفیسر آپ کے سفر کا آغاز ہے، آپ نے اس معروف ایئر فورس اکیڈمی میں اچھی تربیت حاصل کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ پورے عزم اور لگن کے ساتھ مستقبل کے چیلنجز پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے ایف کی شاندار وراثت کے محافظ ہونے کے ناطے آپ اس قوم کی امیدیں اپنے نوجوان کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں اور اس لئے آپ کو جدید ترین ٹیکنالوجی، جدید تصورات اور جدید جنگ سے متعلق موجودہ رجحانات سے باخبر رہنے کے لئے سخت محنت کرنی چاہئے۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی دور اندیش قیادت، پاک فضائیہ بالخصوص آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر، سپیس اور نائیکی کے شعبوں کو سراہا۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں کے خلاف جاری مظالم کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لئےان کی منصفانہ اور مقامی جدوجہد کے لئے تمام فورمز پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

پی اے ایف اکیڈمی کی ایروبیٹکس ٹیم "شیردل " نے پریڈ کے مقام پر سپرٹ پاس پیش کیا۔ اس کے بعدپی اے ایف میراج، ایف 7 پی جے، جے ایف 17 اور جے ۔10 سی جنگی جہازوں نےشاندار فلائنگ فارمیشن کے ذریعے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور شرکاء کے دل موہ لئے۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی و سول حکام کے ساتھ ساتھ گریجویشن کرنے والے کیڈٹس کے والدین نے شرکت کی۔