پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

جمعرات 23 نومبر 2023 17:43

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2023ء) پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں بین المذاہب ہم آہنگی اورپرتشدد واقعات پرردعمل کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں مختلف مذاہب اور طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے مقررین نے اظہار خیا ل کیا ۔سیمینار میں راجہ ضیا الحق ،قاری عمیرعزیر،اصغر باس نقوی، ہندو کمیونٹی سے ڈاکٹر کشور مراد، سکھ کمیونٹی سے سردار ویندر سنگھ ، عیسائی کمیونٹی سے فادر ڈینیئل تاج نے شرکت کی اور اپنے اپنے خیالات کااظہار کیا۔

سیمینار کا مقصد محکمہ پولیس میں زیرتربیت افسران میں مذہبی ہم آہنگی استوار کرنا اور عصرِ حاضر میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہی دینا تھا۔سیمینار کے شرکاءنےاپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنگ نظری ہردورمیں معاشرتی فتنہ و فساد کا سبب بنتی رہی ہے اور اس کی وجہ سے اقوام عالم کو متعدد فکری، سیاسی، سماجی، معاشی اور مذہبی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کے نسلی، لسانی اور مذہبی تعصبات نے پرامن بقائے باہمی کو مستقل خطرے سے دو چار کر دیا ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی ہر طرح کے امتیازات سے بالا تر ہو کر معاشرے میں روا داری کے قیام کے لیے اہم ہے۔ مذہبی ہم آہنگی کے لیے مکالمہ نہایت ضروری ہے۔شرکاء نے مزید کہا کہ مختلف فرقوں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو بڑھا کر عقیدے اور نظریے کے مسائل کو رواداری کے ساتھ حل کرنے کی راہ تلاش کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

مقررین نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد زیر تربیت افسران کو یہ باور کروانا ہے کہ اختلافات کو مکالمے کے ذریعے حل کر کے امن اورہم آہنگی کو مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہےاوراس سلسلے میں تمام مذاہب کے رہنماؤں اورذمہ داروں کو باہمی افہام و تفہیم ، ہمدردی و رواداری کو بڑھانے کے لیے اپنا کردارادا کرنا ہو گا۔