اوکاڑہ یونیورسٹی نے فوسلز کولیکشن کی تاریخ ساز مہم کا آغاز کر دیا

جمعرات 23 نومبر 2023 21:34

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2023ء) اوکاڑہ یونیورسٹی نے فوسلز کولیکشن کی تاریخ ساز مہم کا آغاز کر دیا یہ مہم پروفیسر واجد کی زیر نگرانی پانچ ماہ تک چلے گی اوکاڑہ یونیورسٹی نے پاکستان میں پائے جانے والے مختلف جانوروں پہ تحقیق کو نئی جہد دینے کیلیے پرو وائس چانسلر اور شعبہ زووالوجی کے سربراہ پروفیسرڈاکٹر محمد واجد کی زیر نگرانی ایک فوسلز کولیکشن مہم کا آغاز کیا ہے۔

یہ مہم پانچ ماہ تک جاری رہے گی اور اس میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یاداشتوں پہ دستخط کرنے والی ملک بھر کی جامعات حصہ لیں گی۔ اس مہم کے پہلے مرحلے میں اوکاڑہ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف میانوالی کے 140 طلباء نیداود خیل کے علاقے سے تین انگلیوں والے نایاب گھوڑے اور نیل گائے کے دانت دریافت کیے۔

(جاری ہے)

میانوالی یونیورسٹی کے طلباء کی قیادت وہاں کے شعبہ زووالوجی کی سربراہ ڈاکٹر زاہدہ نسرین نے کی اس مہم کے انتظامات پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ زووالوجی کے سابقہ سربراہ ڈاکٹرمحمد اختر سنبھال رہے ہیں۔

اس موقع پر طلباء سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اختر نے فوسلز کی شناخت اور ان کی کولیکشن کے بارے میں لیکچر دیا جب کہ پروفیسر واجد نے پیلینٹولوجی کی تاریخ کے بارے میں بات کی۔ مہم کے مقاصد کو واضع کرتے ہوئے پروفیسر واجد کا کہنا تھا کہ اس مہم کے دوران ملنے والے فوسلز سے مستقبل کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء کو اپنی تحقیق میں آسانی ہو گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان فوسلز سے مختلف جانوروں کے ارتقاء اور اس ارتقائی سفر کے دوران کھو جانے والے ان کے قدرتی روابط کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دریافت ہونے والے فوسلز سے ایک میوزم بھی قائم کیا جائے گا۔ پروفیسر واجد نے عندیہ دیا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی تحقیق میں رہنمائی کے لیے میانوالی یونیورسٹی کو مختلف جانوروں کے ڈھانچے بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے اگلے مرحلے میں اوکاڑہ یونیورسٹی، میانوالی یونیورسٹی اور وومن یونیورسٹی ملتان مل کر کالا باغ سے وہیل مچھلی کے فوسلز ڈھونڈنے کا کام کریں گی۔