سیالکوٹ، انسداد سموگ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن ،55دکانیں سیل،51افراد گرفتار

جمعہ 24 نومبر 2023 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2023ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پرسیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ نے سمارٹ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن کرتے ہوئے55دکانیں سیل،51افراد کو گرفتار جبکہ 4لاکھ 14 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال نے بتایا کہ ضلع بھر میں انسداد سموگ کے لئے حکومت پنجاب کے سمارٹ لاک ڈائون پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں ٹیموں نے فیلڈ میں موجود رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان ٹیموں نے مجموعی طور پر 595انسپکشنز کیں اس دوران 75دکاندار حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جن کے خلاف قانون کے مطابق فوری کاروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں کاروباری افراد نے سمارٹ لاک ڈائون کے احکامات پر عملدرآمد کیا جبکہ سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند رہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمارٹ لاک ڈائون کے احکامات آج بھی نافذ العمل ہونگے۔