راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی جشن آئندہ ماہ منایا جائےگا

اتوار 26 نومبر 2023 16:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2023ء) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (آر ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے کہا ہے کہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی جشن آئندہ ماہ منعقد کیا جائے گا، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی شایان شان طریقے سے منائی جائے گی ، گولڈن جوبلی تقریبات میں دنیا بھر میں خدمات انجام دینے والے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل دس ہزار ڈاکٹرز شریک ہوں گے، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے پچاس سالہ جشن کی تقریبات کے سلسلہ میں یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقدہ آر ایم یو گولڈن جوبلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ (ایچ ای سی) ہائر ایجوکیشن کمیشن کی حالیہ درجہ بندی کے مطابق راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پاکستان کی ٹاپ ٹین یونیورسٹیوں میں شامل ہے ، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی معیاری طبی تعلیم کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے ، انہوں نے کہا راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، اجلاس میں پرنسپل آر ایم یو پروفیسر ڈاکٹر محمد جہانگیر سرور، چیف کوآرڈینیٹر راولینز عربیہ مینا، چیپٹر ڈاکٹر سید حسنین علی جوہر ، پروفیسر عصمت تنویر عثمانی ، ڈاکٹر ندیم افراز ، ڈاکٹر عمران مجید و دیگر شریک تھے ، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے معاملات پر غور کیا گیا ، اجلاس میں بتایا گیا کہ آر ایم یو گولڈن جوبلی تقریبات 16 سے 24 دسمبر تک منعقد کی جائیں گی ، ان تقریبات میں یونیورسٹی کے فارغ التحصیل سات سے دس ہزار راولینز شریک ہوں گے ، اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے دبئی میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے 50 سالہ جشن کی کامیاب تقریب کے انعقاد پر چیف آرگنائزر و چیف کوآرڈینیٹر راولینز عربیہ مینا، چیپٹر ڈاکٹر سید حسنین علی جوہر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خدمات انجام دینے والے راولینز درحقیقت راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا سرمایہ ہیں ، یونیورسٹی کو اپنے ہونہار اور قابل ڈاکٹرز پر فخر ہے ۔