عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے آئین اور قانون کے مطابق ضروری اقدامات کر رہے ہیں، صوبائی محتسب بلوچستان

پیر 27 نومبر 2023 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2023ء) صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ عوام کو سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں درپیش مسائل کے حل کیلئے ادارہ آئین اور قانون کے مطابق ضروری اقدامات کر رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ شہر کے علاقہ نواح کلی میں کھلی کچہری کے انعقاد کے موقع پر شرکاءسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ریجنل ڈائریکٹر وفاقی محتسب بلوچستان غلام سرور براہوئی، ڈائریکٹر صوبائی محتسب سعید احمد شاہوانی، ڈائریکٹر وفاقی محتسب در محمد رند، رجسٹرار صوبائی محتسب سید محمد علی، پروٹوکول آفیسر محتسب بلوچستان آفتاب احمد، رجسٹرار وفاقی محتسب امیر محمد رند و دیگر متعلقہ لوگ شامل تھے۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری سے خطاب میں صوبائی محتسب نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ریجنل دفاتر محتسب کے قیام اور فعال کارکردگی سے عوام کو اپنے ہی علاقوں میں مفت اور فوری انصاف کی فراہمی سے ادارے پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

کھلی کچہری سے خطاب میں وفاقی محتسب بلوچستان کے ریجنل ڈائریکٹر غلام سرور براہوئی نے وفاقی محکموں سے متعلق شکایات کے حوالے سے عوام کو دیئے جانے والے ریلیف کے بارے میں شرکاءکو تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی، نادرا اور واپڈا سمیت دیگر وفاقی محکموں کے خلاف شکایات کے اندراج کیلئے وفاقی محتسب بلوچستان کا ریجنل دفتر سائلین کی داد رسی کر ریا ہے۔