سیکرٹری صحت بلوچستان کی زیر صدارت صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس

پیر 27 نومبر 2023 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2023ء) سیکرٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان کی زیر صدارت صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ بلوچستان کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈرگ انسپکٹرز کو ادویات اور ان کی کوالٹی پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت عارف خان، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ معیز خان، سینئر ڈرگ انسپکٹر سرور خان، پروفیسر سید عمر جان، سٹاف آفیسر سیکرٹری صحت شوکت زہری اور دیگر معاونین نےشرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کی میٹنگ کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جائے تاکہ ادویات کے کیسز کا فیصلہ جلد ہو سکے۔صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ ڈرگ انسپکٹرز کی معاونت سے بغیر لائسنس میڈیکل سٹور، زائدالمعیاد و جعلی ادویات کے خلاف کارروائی اور سخت کریک ڈائون کریں۔صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کسی خلاف ورزی کی صورت میں ڈرگ ایکٹ 1976ء، بلوچستان ڈرگ ایکٹ 2021 ء اور بلوچستان ڈرگ ایکٹ 2022 ء قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔سیکرٹری صحت بلوچستان نے تمام ڈرگ انسپکٹرز کوسختی سے ہدایت کی کہ عوام کو اصلی ادویات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں اور جعلی ادویات بنانے اور بیچنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔