امریکہ میں بھارتی سفیر ترنجیت سنگھ کو گوردوارے کا دورہ مہنگا پڑگیا

حریت پسند سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے پر سکھوں نے آڑے ہاتھوں لیا

منگل 28 نومبر 2023 17:13

امریکہ میں بھارتی سفیر ترنجیت سنگھ کو گوردوارے کا دورہ مہنگا پڑگیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2023ء) امریکہ میں بھارتی سفیر ترنجیت سنگھ کو گوردوارے کا دورہ مہنگا پڑگیا،حریت پسند سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے پر سکھوں نے آڑے ہاتھوں لیا ، بھارتی سفیرسے سخت سوالات ، بمشکل گوردوارے سے نکل سکے ،خالصتان کے حامی سکھوں نے قاتل بھارت کے نعرے لگا دیئے ۔

(جاری ہے)

ہندوستانی سفیر ترنجیت سنگھ کونیویارک کے گوردوارے میں آنا مہنگا پڑگیا ، سکھوں نے بھارتی سفیر کو گھیر کر خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر سوالا ت کی بوچھاڑ کردی ، سخت الفاظ میں بازپرس پر بھارتی سفیر شرمندگی کے احساس سے سرخ چہرہ لئے واپس چلے گئے۔

کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد کے بعد دنیا بھر میں سکھ سراپاً احتجاج ہیں،رواں برس جون 2023 میں ہندوستان نے کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے قتل کروا دیا تھا جس کے بعد کینیڈا اور بھارت کے درمیان تعلقات تاحال کشیدہ ہیں کینیڈا اور امریکہ سمیت دیگر فائیو آئیز ممالک نے بھی سکھ رہنماؤں کے قتل میں ہندوستان کے ملوث ہونے کی تصدیق کی۔