Live Updates

علی امین گنڈا پور کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں 30نومبر کو نیب میں طلب

علی امین کے 60 اکاؤنٹس میں 50 کروڑ سے زائد کی ٹرانزیکشن کے ثبوت ملے، علی امین گنڈا پور پر کئی جگہ پر ہزاروں ایکڑ اراضی خریدنے بھی الزام ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 28 نومبر 2023 19:13

علی امین گنڈا پور کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں 30نومبر کو نیب ..
پشاور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء علی امین گنڈا پور کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں 30نومبر کو نیب میں طلب کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب خیبرپختونخواہ نے علی امین گنڈا پور کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر ایک اور نوٹس جاری کردیا ہے۔ علی امین گنڈا پور پر الزام ہے کہ علی امین گنڈا پور نے کئی جگہ پر ہزاروں ایکڑ اراضی خریدی، علی امین گنڈا پور نے کئی ہاؤسنگ اسکیموں کیلئے بے نامی داروں کے ذریعے زمین خریدی، علی امین گنڈا پور کے 60اکاؤنٹس میں 50کروڑ سے زائد کی ٹرانزیکشن کے ثبوت ملے ہیں۔

علی امین گنڈا پور کو 30نومبر کو صبح 10بجے نیب خیبرپختونخواہ آفس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب نیب کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے بھی تحقیقات جاری ہیں، نیب نے 26 نومبر کو القادر ٹرسٹ کیس میں نیب ٹیم نے چھٹی کے روز بھی عمران خان سے اڑھائی گھنٹے تک تفتیش کی۔

(جاری ہے)

نیب ٹیم کی قیادت اسسٹنٹ ڈائریکٹر محسن علی خان کر رہے تھے۔

بتایا جارہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو ’نیب‘ کی ٹیم نے 15 نومبر کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے تفتیش کا آغاز کیا، احتساب عدالت نے نیب ٹیم کو جیل میں چار روزہ تفتیش کی اجازت دے رکھی ہے، جس کے بعد سے نیب ٹیم 190 ملین پاؤنڈ میں 15 نومبر سے مسلسل پی ٹی آئی چیرمین سے تفتیش کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے بھی 11 سوالات کے جواب مانگے ہیں، القادر ٹرسٹ (190 ملین پاؤنڈ) کیس میں بشریٰ بی بی سے نیب راولپنڈی آفس میں تحقیقاتی ٹیم کی تفتیش کی گئی ، جہاں نیب کی جانب سے بشریٰ بی بی کو 11 سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ فراہم کیا گیا، نیب نے بشری بی بی کواس کیس میں ان 11 سوالات کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی۔


Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات