آل پاکستان انٹر بورڈ فٹ بال ٹورنامنٹ کا بہترین اورکامیاب انعقاد ملکی یکجہتی کے فروغ میں ا ہم سنگ میل ثابت ہوگا ،کمشنر گوجرانوالہ

بدھ 29 نومبر 2023 23:12

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2023ء) کمشنر گوجرانوالہ و چیئر مین گوجرانوالہ بورڈ نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ بورڈ کے زیر اہتمام آل پاکستان انٹر بورڈ فٹ بال ٹورنامنٹ کا بہترین اورکامیاب انعقاد نوجوان کھلاڑیوں میں مثبت ذہنی اور جسمانی رحجانات او ربین الصوبائی بھائی چارے‘ ہم آہنگی اور ملکی یکجہتی کے فروغ میں ا ہم سنگ میل ثابت ہوگا اور تعلیم کے ساتھ صحتمندانہ تفریحی اورکھیلوں کی سرگرمیاں طلباء کو زندگی کے ہرچیلنج کامردانہ وار مقابلہ کرنے کا جذبہ اور طاقت عطا کرتی ہیں۔

کمشنر نے ان خیالات کا اظہار گوجرانوالہ بورڈ کے زیر اہتمام آل پاکستان انٹر بورڈ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ اور تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری گوجرانوالہ بورڈ چودھری شہزاد احمد‘ کنٹرولر امتحانات پروفیسرمحمدنعیم بٹ‘ ڈائریکٹر کالجز زاہد فاروق‘ ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیر خان‘ ڈائریکٹر سپورٹس محمود خالد‘ بورڈ ایمپلا ئز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز انصاری‘ حبیب الرحمان اور دیگر اہم شخصیات بھی اس موقع موجود تھی۔

کمشنر نے شاندار انتظامات اور ٹورنامنٹ کے بہترین انعقاد پر سیکرٹری بورڈ اور ا ن کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیح کے تحت پورے ڈویژن میں کھیلوں اور تفریحی سر گرمیوں کاسلسلہ جاری ہے اورگکھڑ سپورٹس ایرینا میں آل پاکستان بیڈ منٹن ٹورنامنٹ جبکہ سپورٹس ڈپارٹمنٹ کے زیراہتمام مختلف کھیلوں کے ضلعی اور ڈویژنل مقابلوں کا بھی اہتمام کیاگیا ہے جن کی بدولت نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو منفی اور تخریبی رحجانات سے بچایا جاسکے گا۔ \378