محتسب اعلیٰ آزاد کشمیر کی جانب سے آٹھمقام میں کھلی کچہری کا انعقاد، عوام کے مسائل سنے، فوری حل طلب مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے

بدھ 29 نومبر 2023 21:00

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2023ء) محتسب اعلی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد نسیم عوامی مسائل سننے کیلئے نیلم پہنچ گئے۔ پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس آٹھمقام میں کھلی کچہری میں عوام کے مسائل سنے اور فوری حل طلب مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ سابق امیدوار اسمبلی میاں اخلاق الرسول کی نشاندہی پر نیلم ترقیاتی ادارہ کے محصولات ، ترقیاتی ادارہ کے ملازمین کی تنخواہوں اور ترقیاتی ادارہ کی زبوں حالی کے حوالے سے مسائل کی نسبت تحریری درخواست پر سماعت کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

محتسب اعلی آزاد جموں و کشمیر نے کھلی کچہری میں دنجر کی رہائشی خواتین کو گمشدہ بھائیوں کی بازیابی کیلئے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی، کھلی کچہری میں محکمہ مال، پولیس، تعلیم، زراعت، جنگلات، امور حیوانات اور صحت کے حوالے سے مسائل سنےگئے۔ انہوں نے ضلعی آفیسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو درست سمت میں چلانا اداروں کے سربراہان کی ذمہ داری ہے، آزاد کشمیر انتہائی پرامن علاقہ ہے،آفیسران ریاست کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہاادارہ محتسب میں 12 کیسز زیر التوا ہیں اور ایک ہزار کیسز یکسو کئے گئے، ملازمین اور زمین کے حوالے سے مسائل یکسو کئے۔