سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

جمعرات 30 نومبر 2023 09:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2023ء) سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر 100 سال کی عمر میں امریکی ریاست کنیکٹی کٹ میں اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نےامریکا کے صدر نکسن اور صدر فورڈ کی انتظامیہ کے دوران امریکا کے اعلیٰ سفارت کار اور قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔کئی دہائیوں پر مشتمل اپنےکیریئر کے دوران انہوں نے امریکی خارجہ پالیسی میں ایک اہم کردار ادا کیا۔

ہنری کسنجر 1923 میں جرمنی کی ریاست باویریا میں یہودی والدین کے گھر پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان نازی پارٹی کے مظالم سے بچنے کے لئے جرمنی سے فرار ہو کر1938 امریکا پہنچا ۔ انہوں نے 1943 میں امریکی شہریت حاصل کی اور تین سال تک امریکی فوج میں اور بعد میں کاؤنٹر انٹیلی جنس کور میں خدمات انجام دیں۔

(جاری ہے)

بیچلر، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے شعبے میں تدریسی خدمات بھی سرانجام دیں۔

ہنری کسنجر کو 1969 میں اس وقت کے صدر رچرڈ نکسن نے قومی سلامتی کا مشیر مقرر کیا ۔انہوں نے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات ، اسرائیل اور اس کے پڑوسیوں کے درمیان 1973 کی یوم کپور جنگ کے خاتمے ،پیرس امن معاہدے اور ویتنام جنگ کے خاتمے میں اہم کردا ر اداکیا۔ انہیں ویتنام جنگ کے خاتمے میں اہم کردا ر پر1973 امن کا نوبل انعام دیا گیا ۔۔ جان ایف کینیڈی سے جو بائیڈن تک امریکا کے 12 صدور اور بڑی تعداد میں ارکان کانگرس نے اہم امور پر ان سے مشاورت کی ۔

ہنری کسنجر وہ واحد امریکی ہیں جنہوں نے ماؤزے تنگ سے لے کر شی جن پنگ تک ہر چینی رہنما کے ساتھ براہ راست بات چیت کی۔ انہوں نے رواں سال جولائی میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے لیے بیجنگ کا اچانک دورہ بھی کیا ہے جس کے دوران امریکا سے تعلقات میں سردمہری کے باوجود چینی قیادت کی طرف سے انہیں بے پناہ احترام دیا گیا۔ انہوں نے مختلف کمپنیوں کے بورڈز آف ڈائریکٹر کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور خارجہ پالیسی اور سیکیورٹی فورمز کے ساتھ ساتھ 21 کتابیں بھی لکھیں۔

انہوں نے 50 سالہ بیوہ،اپنی ایک سابق شادی سے دو بچوں الزبتھ اور ڈیوڈ اور پانچ پوتے پوتیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ ان کی موت پرسابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش ،نیو یارک سٹی کے سابق میئر مائیکل بلومبرگ ، سابق صدر رچرڈ نکسن کی بیٹیوں، ٹریشیا نکسن کاکس اور جولی نکسن آئزن ہاور نے تعزیت کااظہار کیا ہے۔