شریف برادران عوامی عدالت میں حساب دینے کیلئے تیار رہیں‘چودھری پرویز الٰہی

مہنگائی کے شہنشاہ شہباز شریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا‘ مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف

جمعرات 30 نومبر 2023 17:32

شریف برادران عوامی عدالت میں حساب دینے کیلئے تیار رہیں‘چودھری پرویز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2023ء) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شریف برادارن عوامی عدالت میں حساب دینے کے لئے تیار رہیں، مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا۔لاہور کی ضلع کچہری کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا اب بھی نوازشریف کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے، یہ دونوں بھائی عوامی عدالت میں حساب دینے کے لئے تیار رہیں۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے، اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھا یاد کروا دیں گے، مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا، عوام ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے، یہ عوامی غیض وغضب سے نہیں بچ سکیں گے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ (ن) لیگ ہر بارعوام کو گمراہ کرکیاقتدار حاصل کرتی ہے، اب ان لاڈلوں کو چاہئے کہ عوام کی جان چھوڑ دیں، شہباز شریف نے 16 ماہ میں وائے لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے کچھ نہیں کیا۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے، تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی، اور پورے پاکستان میں ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی، یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ سستی شہرت کے کاموں پر اربوں روپے ضائع کیے جا رہے ہیں۔