غیر قانونی بھرتیوں کا الزام، مقامی عدالت نے چوہدری پرویز الہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں14روز کی توسیع کر دی

جمعرات 30 نومبر 2023 18:13

غیر قانونی بھرتیوں کا الزام، مقامی  عدالت نے چوہدری پرویز الہی کے جوڈیشل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2023ء) لاہور کی مقامی جوڈیشل عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کرتے ہوئے دوبارہ جیل بھیج دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر اینٹی کرپشن سے مقدمے کا چالان طلب کرلیا اور جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر چوہدری پرویز الہی کو چودہ دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

جمعرات کو سماعت پر جیل حکام نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد کی عدالت میں پیش کیا اور ان کی حاضری لگائی گئی ۔اینٹی کرپشن نے چوہدری پرویز الہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی طور پر گریڈ سترہ میں بھریتوں کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا سابق وزیر اعلی پرویز الہی کو منی لانڈرنگ کے مقدمے میں لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت میں پیش کیا گیا ۔

دوران سماعت وکیل نے اعتراض عائد کی کیا کہ گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے کی جس درخواست پر مونس الہی کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کی گئی وہ درخواست عدالت میں دی ہی نہیں گئی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا اعتراض نوٹ کرلیا ہے، اپنے حکم میں وضاحت کروں گا۔سپیشل سینٹرل عدالت نے پرویز الہی اور مونس الہی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت چودہ دسمبر تک ملتوی کردی جس کے بعد جیل حکام پرویز الہی کو لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے ۔ایف آئی اے نے عدالت میں ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمہ کا چالان جمع کروا رکھا ہے۔