یونیورسٹی آف سرگودھامیں ماڈرن پولیسنگ اینڈ کرائم سین مینجمنٹ کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 30 نومبر 2023 22:38

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2023ء) یونیورسٹی آف سرگودھاکےشعبہ سوشیالوجی اینڈ کریمنالوجی کے زیر ِاہتمام ماڈرن پولیسنگ اینڈ کرائم سین مینجمنٹ کے حوالے سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔اس کی صدارت یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کی جبکہ ڈی پی او سرگودھا فیصل کامران ورکشاپ کے مہمان خصوصی تھے۔

شعبہ سوشیالوجی اینڈ کریمنالوجی کے اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلرنے کہا کہ پاکستان میں اس وقت جدید ٹیکنالوجی اور مہارتوں کی وجہ سے پولیس کا نظام بہتر ہوگیا ہے منفی سرگرمیاں ہر معاشرے میں وقوع پذیر ہوتی رہتی ہیں تاہم اس کو روکنے کا واحد حل عوام میں شعور اور اخلاقی تعلیمات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دینی اور اخلاقی اصولوں کی پاسداری کے باعث پاکستان میں جرائم اور منفی سرگرمیاں بہت کم ہیں،گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں ہر شعبے کو اپ ڈیٹ کرتے رہنا چاہیئے اور اس کے لئے قانون اور ضابطے پر عمل درآمد کے ساتھ پولیس کے نظام میں بھی جدت اور بہتری بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا کہ سماج دشمن اپنے پاؤں جتنے مرضی لمبے کرلیں وہ قانون کی گرفت سے کبھی بھی نہیں بچتے،جن معاشروں میں پولیس کے نظام کو جدید کیا گیا وہاں پر جرائم کی شرح کم ہے اور اس حوالے سے ہماری پولیس نے جس طرح منفی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے جو جدید طریقہ کار اپنائے ہیں اس سے قانون توڑنے والے اور معاشرے میں فساد برپا کرنے والے لوگ بہت جلد گرفت میں آرہے ہیں۔

معاشرہ جہاں مجرم کو سزا دیتا ہے وہاں ہمارا یہ فرض بھی بنتا ہے کہ ہم جرائم کی روک تھام کے لئے اپنا کردار نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہی فرض ہے کہ جہاں کہیں بھی کوئی حادثہ یا جرم ہو وہاں پر ایک سلجھے ہوئے شہری کی حیثیت سے پولیس کو فوراً آگاہ کریں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی دور میں سماج دشمن کو پکڑنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا تھا اور اس کے لئے پولیس کو بہت عرصہ درکار ہوتا تھا تاہم دور حاضر کی ماڈرن پولیسنگ سے جائے وقوعہ کی فرانزک تحقیق سے ہم واردات کرنے والے افراد کو جلد گرفت میں لے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی سماج دشمن عناصر کو اپنے طور پر گرفتار نہیں کرسکتے جب تک قانون پر عملدرآمد کرنے والی عوام کا ہمارے ساتھ تعاون نہ ہو۔ پولیس کا نظام اس لئے بھی بہتر ہے کہ پولیس جرائم کی روک تھام کے ساتھ عوام میں شعور اور آگاہی بیدار کررہی ہے اور اس سلسلے میں آئی جی پنجاب کی ہدایت کے مطابق بہت سے سیمینار ز اور ورکشاپ کا اہتمام کیا جارہا ہے اور یونیورسٹی آف سرگودھا میں آج کی یہ ورکشاپ اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے کہ ہم ایک طرف تو ماڈرن پولیسنگ کے حوالے سے طلباء و طالبات کو معلومات دے رہے ہیں اور دوسری طرف معاشرے میں بہتری لانے کے لئے اقدامات پر زور دے رہے ہیں۔

اس موقع پر فرانزک سائنسسٹ انچارج کرائم سین یونٹ سرگودھا عبدالمعید نے اساتذہ اور طلباء و طالبات کو پولیس کی طرف سے استعمال کئے جانے والے جدید طریقوں کے حوالے سے معلومات دیں۔